فرمایا ہے یعنی مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے ۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ۔ نیز اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ جو اسلامی بھائی روزانہ دعوت اسلامی کے مَدَنی کاموں کو دو۲ گھنٹے نہیں دے سکتے ، وہ چھٹی کے دن اس مَدَنی کام کے ذریعے عِلْمِ دین سیکھنے سکھانے میں مَشْغُول ہو سکیں اور جن کو نیکی کی دعوت دینی ہے انہیں بھی چھٹی کے دن بہتر طریقے سے نیکی کی دعوت پہنچائی جا سکے ، اس کے علاوہ شہر کے تنظیمی طور پر مدنی کاموں میں کمزور علاقے یا شہر کے اطراف میں بننے والی نئی کالونیز اور سوسائٹیز میں، اسی طرح نئے آباد ہونے والے گاؤں دیہات میں بھی مدنی کام شروع یا مَضْبُوط کیا جا سکتا ہے ۔
سوال 4 : یوم تعطیل اعتکاف میں چھٹی سے مراد جمعہ / اتوار ہے یا پھر ہفتہ وار کسی بھی چھٹی والے دن ترکیب بنائی جاسکتی ہے ؟
جواب : جمعہ کے دن ہمارے ملک کے اکثر مقامات پر چھٹی ہوتی ہے ، نیز جمعہ چونکہ سید الایام بھی ہے اور اس دن کی لوگ عزت بھی کرتے ہیں اور نمازِ جمعہ کی تیاری بھی خاص طور پر کرتے ہیں، لِہٰذا اس دن یومِ تعطیل اِعْتِکَاف کی ترکیب کی جائے لیکن اگر کہیں چھٹی اتوار کے دن یا کسی مخصوص علاقے (مَثَلًا انڈسٹری ایریا ) میں کسی اور دن ہو تو اس دن اس مَدَنی کام کی ترکیب کی جاسکتی ہے ۔
سوال 5 : شہر کے اطراف میں ایسی نئی رہائشی کالونیاں جن میں مساجد نہیں، ان میں یوم تعطیل اعتکاف کی ترکیب کہاں کی جائے ؟