( 6) دَم کئے ہوئے سیب کی برکت
تحصیل پھالیہ ( ضلع منڈی بہاؤالدین ) کے علاقے سَعْدُاللہ پور کے مقیم اسلامی بھائی اولاد کی نعمت سے محروم تھے ۔ حصولِ اولاد کے لئے انہوں نے حکیموں سے بھی علاج کروایا مگرمراد پوری نہ ہو سکی ۔ آخرِ کا ر کرم ہوا اور اللہ پاک نے انہیں اولاد کی نعمت سے سرفراز فرمایا ۔ سبب کچھ یوں بنا کہ دعوتِ اسلامی کے علمی شعبے اَلْمدِینَۃُ الْعِلْمِیۃ سے وابستہ ان کے بھانجے نے جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت حضرت مولانا عبید رضاعطاری مدنیدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہسے سیب دم کرواکر انہیں بھجوائے ، جو انہوں نے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق کھائے ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ سیب کھانے کی برکت ظاہر ہوئی اور جلد ہی انہیں خوشخبری مل گئی اور کچھ عرصے میں ان کے گھر کا آنگن اولاد کے خوشنما پھولوں سے مہک اُٹھا ۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ تادَمِ تحریر جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت کے دَم کئے ہوئے سیب کی برکت سے اللہ پاک نے انہیں یکے بعد دیگرے تین مدنی منّوں سے نوازا ہے ۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! یہ تو جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہکے دم کئے ہوئے سیب کی ایک مدنی بہار ہے ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ سینکڑوں اسلامی بھائی آپ کے دم کئے ہوئے سیب کی برکت سے صاحبِ اولاد ہوچکے ہیں ۔ ان میں ایسے اسلامی بھائیوں کی بھی ایک تعداد شامل ہے کہ جن کی شادیوں کو دسیوں سال ہو چکے تھے لیکن وہ اولاد کی نعمت سے محروم تھے ۔ انہوں نے جب جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت سے سیب دَم کرواکربتائے گئے طریقے کے مطابق استعمال کیے تو رحمتِ الٰہی سے اولاد کی نعمت حاصل ہوگئی ۔