Brailvi Books

صراط الجنان جلد نہم
150 - 764
{وَ اِنَّهٗ لَعِلْمٌ لِّلسَّاعَةِ: اور بیشک عیسیٰ ضرورقیامت کی ایک خبر ہے۔} اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے ارشاد فرمایا کہ آپ فرما دیں : ’’حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا آسمان سے دوبارہ زمین پر تشریف لانا قیامت کی علامات میں  سے ہے،تو اے لوگو! ہرگز قیامت کے آنے میں  شک نہ کرنا اور میری ہدایت اور شریعت کی پیروی کرنا، یہ سیدھا راستہ ہے جس کی میں  تمہیں  دعوت دے رہا ہوں ۔( مدارک، الزّخرف، تحت الآیۃ: ۶۱، ص۱۱۰۴، ملخصاً)
قیامت کے قریب حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا تشریف لانا برحق ہے:
	اس آیت سے معلوم ہوا کہ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا قیامت کے قریب آسمان سے زمین پر تشریف لانا برحق ہے کیونکہ ان کا آنا قیامت کی علامت ہے، لیکن یہ یاد رہے آپ کا وہ آناسیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی امت کا نبی بن کر نہیں  بلکہ آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہو گا۔یہاں  حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے آسمان سے نازل ہونے کے بارے میں  3اَحادیث بھی ملاحظہ ہوں ،
(1)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی  عَنْہُ سے روایت ہے،تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’اس ذات کی قسم !جس کے قبضے میں  میری جان ہے،قریب ہے کہ تم میں  حضرت ابنِ مریم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نازل ہوں  گے جو انصاف پسند ہوں  گے ،صلیب کو توڑیں  گے،خنزیر کو قتل کریں  گے،جِزیَہ مَوقوف کر دیں  گے اور مال اتنا بڑھ جائے گا کہ لینے والا کوئی نہ ہو گا۔( بخاری، کتاب البیوع، باب قتل الخنزیر، ۲/۵۰، الحدیث: ۲۲۲۲)
(2)…حضرت نواس بن سمعان کلابی رَضِیَ اللہ تَعَالٰی  عَنْہُ سے روایت ہے،حضورِ اَقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’(دجال ظاہر ہونے کے بعد)اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو بھیجے گا تو وہ جامع مسجد دمشق کے سفید مشرقی مینارے پر اس حال میں  اتریں  گے کہ انہوں  نے ہلکے زرد رنگ کے دو حُلّے پہنے ہوں  گے اور انہوں  نے دو فرشتوں  کے بازوؤں  پر ہاتھ رکھے ہوں  گے ،جب آپ سر نیچاکریں  گے تو پانی کے قطرے ٹپک رہے ہوں  گے اور جب آپ سر اٹھائیں  گے تو موتیوں  کی طرح سفید چاندی کے دانے جھڑ رہے ہوں  گے۔(مسلم ، کتاب الفتن و اشراط الساعۃ ، باب ذکر الدجال و صفتہ و ما معہ، ص۱۵۶۸، الحدیث: ۱۱۰(۲۱۳۷)، ابو داؤد، اول کتاب الملاحم، باب ذکر خروج الدجال، ۴/۱۵۷، الحدیث: ۴۳۲۱)