Brailvi Books

صراط الجنان جلدہفتم
491 - 608
ان کا کہنا نہ مان اور دنیا میں  اچھی طرح ان کا ساتھ دے اور میری طرف رجوع کرنے والے آدمی کے راستے پر چل پھر میری ہی طرف تمہیں  پھر کرآنا ہے تو میں  تمہیں بتادوں  گا جو تم کرتے تھے۔
{وَ اِنْ جَاهَدٰكَ: اور اگر وہ دونوں  تجھ پر کوشش کریں ۔} اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے بندے ! تم علم سے تو کسی کو میرا شریک ٹھہرا ہی نہیں  سکتے کیونکہ میرا شریک محال ہے ،ہو ہی نہیں  سکتا ، اب تجھے جو کوئی بھی کسی چیز کو میرے ساتھ شریک ٹھہرانے کا کہے گا تو وہ بے علمی ہی سے کہے گا،لہٰذا ایسا اگر ماں  باپ بھی کہیں  تو ان کا کہنا نہ مان، کیونکہ والدین کی اطاعت اگرچہ ضروری ہے لیکن اگر وہ شرک یا گناہ کرنے کا حکم دیں  تو ان کی اطاعت نہ کر کیونکہ خالق کی نافرمانی کرنے میں  کسی مخلوق کی اطاعت جائز نہیں  ،البتہ دنیا میں  حسن ِاخلاق ، حسن ِسلوک ، احسان اور تَحَمُّل کے ساتھ اچھی طرح ان کا ساتھ دے لیکن دین میں  ان کی پیروی نہ کر بلکہ نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور ان کے صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ کے راستے پر چل ، پھر مرنے کے بعد میری ہی طرف تمہیں  اور تمہارے والدین کو لوٹ کرآنا ہے تو میں  تمہیں  تمہارے ایمان کی جزا دوں  گا اور تمہارے والدین کو ان کے کفر کی سزا دوں  گا۔(1)
	حضرت سعد بن ابی وقاص رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ یہ آیت میرے بارے میں  نازل ہوئی۔ میں  اپنی والدہ کے ساتھ حسنِ سلوک کرتاتھا اورجب میں  نے اسلام قبول کرلیاتومیری ماں  نے کہااے سعد! رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ،یہ تو نے کیا نیا دین اختیار کر لیاہے،تجھے یہ دین چھوڑناہوگایامیں  نہ کھاؤں  گی ،نہ پیوں  گی، یہاں  تک کہ مرجاؤں  گی اور یوں  میری وجہ سے تمہیں  عاردلائی جائے گی اورتجھے یوں  خطاب کیاجائے گا:اے اپنی ماں  کے قاتل!۔ یہ سن کر میں  نے کہا: اے میری ماں  !ایسانہ کر،میں  کسی بھی وجہ سے یہ دین نہیں  چھوڑوں  گا۔وہ ایک دن بغیرکچھ کھائے پئے رہی ،اس نے صبح کی توبڑی مشقت میں  مبتلاتھی ۔پھر وہ ایک دن اوررات مزید اسی طرح رہی تواس کی تکلیف میں  اضافہ ہوگیا۔جب میں  نے یہ دیکھاتو کہا:اے ماں ! الله تعالیٰ کی قسم! توجانتی ہے کہ اگرتیری سوجانیں  ہوں  اور ایک ایک کر کے تیری سب جانیں  نکل جائیں ،تب بھی میں  تیرے لئے اپنا دین نہیں  چھوڑوں  گا۔اب اگرتوچاہے توکھا ورنہ مت کھا،جب ماں  نے یہ دیکھاتواس نے کھاناکھالیا۔اس پر یہ آیت نازل ہوئی ۔ (2)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…مدارک، لقمان، تحت الآیۃ: ۱۵، ص۹۱۸، خازن، لقمان، تحت الآیۃ: ۱۵، ۳/۴۷۰-۴۷۱، ملتقطاً۔
2…ابن عساکر، حرف السین، ذکر من اسمہ سعد، سعد بن مالک بن ابی وقاص بن اہیب۔۔۔ الخ، ۲۰/۳۳۱۔