وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًا اَوْ كَذَّبَ بِالْحَقِّ لَمَّا جَآءَهٗؕ-اَلَیْسَ فِیْ جَهَنَّمَ مَثْوًى لِّلْكٰفِرِیْنَ(۶۸)
ترجمۂکنزالایمان: اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو الله پر جھوٹ باندھے یا حق کو جھٹلائے جب وہ اس کے پاس آئے کیا جہنم میں کافروں کا ٹھکانا نہیں ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو الله پر جھوٹ باندھے یا حق کو جھٹلائے جب وہ اس کے پاس آئے؟ کیا کافروں کیلئے جہنم میں ٹھکانہ نہیں ؟
{وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًا: اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو الله پر جھوٹ باندھے۔} ارشاد فرمایا کہ اس سے بڑھ کر ظالم کون ہے جو الله تعالیٰ پر جھوٹ باندھے اور اس کے لئے شریک ٹھہرائے یا جب اس کے پاس حق آئے تو وہ اس کو جھٹلادے اور سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی نبوت اور قرآن کو نہ مانے؟ بے شک ایسے ظالموں اور حق کے منکروں کا ٹھکانا جہنم ہی ہے ۔(1)
الله تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کی مختلف صورتیں :
یاد رہے کہ الله تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کی بہت سی صورتیں ہیں ،ان میں سے پانچ صورتیں درج ذیل ہیں ،
(1)… کافر کا بت پرستی کرکے یہ کہنا کہ الله تعالیٰ نے اسی کا حکم دیا ہے۔
(2)… نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرنااور کہنا کہ مجھے خدا نے نبی بنایا ہے۔
(3)… کتابُ الله میں اپنی طرف سے خَلْط مَلْط کردینا اور کہہ دینا کہ یہ الله تعالیٰ کا کلام ہے۔
(4)… نبی کا انکار کرنا اور کہنا کہ انہیں الله تعالیٰ نے نبی نہیں بنایا۔
(5)…جھوٹا مسئلہ بیان کرکے کہنا کہ الله تعالیٰ کا حکم ہے وغیر ہ وغیرہ سب الله پر جھوٹ باندھنا ہے۔
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…مدارک، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۶۸، ص۸۹۹۔