کے ایسے بالا خانوں پر جگہ دیں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی،وہ ہمیشہ ان بالا خانوں میں رہیں گے اور اچھے عمل کرنے والوں کیلئے یہ کیا ہی اچھا اجرہے۔
جنّتی بالا خانوں کے اوصاف:
یہاں جنتی بالاخانوں کے اوصاف سے متعلق دو اَحادیث ملاحظہ ہوں :
(1)… حضرت ابوسعید خدری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’بے شک جنتی لوگ اپنے اوپر بالا خانے والوں کو ایسے دیکھیں گے جس طرح اُفُق میں مشرق یا مغرب کی جانب کسی روشن ستارے کو دیکھتے ہوں کیونکہ ان کے مقامات کے درمیان فرق ہو گا۔ صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے عرض کی: یا رسولَ الله! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، وہ تو انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی منزلیں ہیں ،دوسرے وہاں کیسے پہنچ سکتے ہیں ؟ ارشاد فرمایا: ’’کیوں نہیں !اس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے،وہ لوگ پہنچ سکیں گے جو الله تعالیٰ پر ایمان لائے اور رسولوں عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی تصدیق کی ۔(1)
(2)…حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَاللہ تَعَالٰیوَجْہَہُ الْکَرِیْم سے روایت ہے ،سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جنت میں ایسے بالاخانے ہیں جن کا اندرونی حصہ باہر سے اور بیرونی حصہ اندر سے نظر آتا ہے ۔ایک دیہاتی نے کھڑے ہوکرعرض کی: یا رسولَ الله! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، یہ بالا خانے کس کے لئے ہیں ؟ ارشاد فرمایا: ’’یہ اس کے لئے ہیں جس نے اچھی گفتگو کی ،کھانا کھلایا،ہمیشہ روزہ رکھا اور رات کے وقت جبکہ لوگ سو رہے ہوں ، الله تعالیٰ کے لئے نماز پڑھی۔ (2)
{اَلَّذِیْنَ صَبَرُوْا وَ عَلٰى رَبِّهِمْ یَتَوَكَّلُوْنَ: وہ جنہوں نے صبر کیااور اپنے رب ہی پر بھروسہ رکھتے ہیں ۔} یعنی اچھے عمل کرنے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے تکلیفوں ،مصیبتوں اور سختیوں پرصبرکیا،مشرکین کی ایذائیں برداشت کیں اور ہجرت کرکے دین کی خاطروطن بھی چھوڑدیامگردین ِاسلام کونہ چھوڑااوریہ لوگ ایسے ہیں کہ اپنے تمام کاموں میں الله تعالیٰ پرہی بھروسہ رکھتے ہیں ۔(3)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…بخاری، کتاب بدء الخلق، باب ما جاء فی صفۃ الجنّۃ وانّہا مخلوقۃ، ۲/۳۹۳، الحدیث: ۳۲۵۶۔
2…ترمذی، کتاب صفۃ الجنّۃ، باب ما جاء فی صفۃ غرف الجنّۃ، ۴/۲۳۶، الحدیث: ۲۵۳۵۔
3…روح البیان، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۵۹، ۶/۴۸۶، خازن، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۵۹، ۳/۴۵۵، ملتقطاً۔