Brailvi Books

صراط الجنان جلدہفتم
385 - 608
 ہیں  جن کے فوائد وبرکات شمارنہیں  کیے جاسکتے اورجب بندہ الله عَزَّوَجَلَّ کاپاکیزہ کلام پڑھتاہے تواس پر اَنوار وتَجَلِّیّات کی بارشیں  ہوتی ہیں  اوربندہ خود اپنے دل میں  ایک عجیب لذت محسوس کرتاہے ۔ تلاوتِ قرآن پاک کی کئی حکمتیں  ہیں ، اس میں  لوگوں  کیلئے نصیحتیں  بھی ہیں  اوراحکام بھی ،اخلاقیات کی تعلیم بھی ہے اور آدابِ زندگی بھی۔ یہ اوَّلین و آخرین کے علوم کا جامع ہے ، اس کے اَسرار ختم نہیں  ہوسکتے اور اس کے عجائبات بے شمار ہیں  اور یہ چیزیں  دل کی پاکیزگی پر مَوقوف ہیں ۔ 
{وَ لَذِكْرُ اللّٰهِ اَكْبَرُ: اور بیشک الله کا ذکر سب سے بڑاہے۔} یعنی الله تعالیٰ کاذکر سب سے عظیم شے ہے نیز یادِ الٰہی سب سے افضل نیک عمل ہے بلکہ تمام عبادتوں  کی اصل ذکر ِالٰہی ہی ہے مثلاً نماز اصل میں  یادِ الٰہی کیلئے ہے ،یہی حال بقیہ تمام عبادات کا ہے۔ حضرت عبد الله بن عباس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا نے اس آیت کی تفسیر یہ فرمائی ہے کہ الله تعالیٰ کا اپنے بندوں  کو یاد کرنا بہت بڑا ہے ،نیز اس کی تفسیر میں  ایک قول یہ بھی ہے کہ الله تعالیٰ کا ذکر بے حیائی اور بری باتوں  سے روکنے اور منع کرنے میں  سب سے بڑھ کر ہے۔(1)
	حضرت اُمِّ درداء رَضِیَ الله تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں  کہ الله تعالیٰ کاذکرسب سے بڑاہے ۔اگرتونمازپڑھے تویہ بھی الله تعالیٰ کاذکرہے اگرتوروزہ رکھے تویہ بھی الله تعالیٰ کاذکرہے ،ہراچھاعمل جوتوکرتاہے وہ بھی الله تعالیٰ کا ذکر ہے، اور ہر بری چیز سے تمہارا بچنا بھی الله تعالیٰ کا ذکر ہے اور ان میں  سب سے افضل الله تعالیٰ کی پاکی بیان کرنا ہے۔(2)
 الله تعالیٰ کا ذکر کرنے کے فضائل:
	آیت کی مناسبت سے یہاں  الله تعالیٰ کا ذکرنے کرنے کے فضائل پر مشتمل2اَحادیث ملاحظہ ہوں  ،
(1)…حضرت ابودرداء رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولُ الله صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’کیامیں  تم کویہ خبرنہ دوں  کہ تمہارے رب عَزَّوَجَلَّ کے نزدیک تمہاراکون ساعمل سب سے اچھا،سب سے پاکیزہ اور سب سے بلند درجے والاہے اورجوتمہارے سونے اورچاندی کو صدقہ کرنے سے زیادہ اچھاہے اوراس سے بھی اچھا ہے کہ تمہاراتمہارے دشمنوں  سے مقابلہ ہو،تم انہیں  قتل کرو اوروہ تمہیں  شہید ماریں  ۔صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے عرض کی، یا رسولَ الله! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، وہ کون ساعمل ہے ؟ارشاد فرمایا’’وہ عمل الله تعالیٰ کا ذکر کرنا ہے۔(3)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…خازن، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۴۵، ۳/۴۵۳، مدارک، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۴۵، ص۸۹۴، ملتقطاً۔
2…شعب الایمان،العاشر من شعب الایمان۔۔۔الخ،فصل فی ذکر اخبار وردت فی ذکر اللّٰہ عزوجل،۱/۴۵۲،الحدیث:۶۸۶۔
3…ترمذی، کتاب الدعوات، ۶-باب منہ، ۵/۲۴۶، الحدیث: ۳۳۸۸۔