Brailvi Books

صراط الجنان جلدہفتم
254 - 608
وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰۤى اُمِّ مُوْسٰۤى اَنْ اَرْضِعِیْهِۚ-فَاِذَا خِفْتِ عَلَیْهِ فَاَلْقِیْهِ فِی الْیَمِّ وَ لَا تَخَافِیْ وَ لَا تَحْزَنِیْۚ-اِنَّا رَآدُّوْهُ اِلَیْكِ وَ جَاعِلُوْهُ مِنَ الْمُرْسَلِیْنَ(۷)
ترجمۂکنزالایمان: اور ہم نے موسیٰ کی ماں  کو الہام فرمایا کہ اسے دودھ پلا پھر جب تجھے اس سے اندیشہ ہو تو اسے دریا میں  ڈال دے اور نہ ڈر اور نہ غم کر بیشک ہم اسے تیری طرف پھیر لائیں  گے اور اسے رسول بنائیں  گے ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور ہم نے موسیٰ کی ماں  کو اِلہام فرمایا کہ اسے دودھ پلا پھر جب تجھے اس پر خوف ہو تو اسے دریا میں  ڈال دے اور خوف نہ کر اور غم نہ کر ،بیشک ہم اسے تیری طرف پھیر لائیں  گے اور اسے رسولوں  میں  سے بنائیں  گے۔
{وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰۤى اُمِّ مُوْسٰۤى: اور ہم نے موسیٰ کی ماں  کو اِلہام فرمایا۔} حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی والدہ کا نام یوحانذ ہے اورآپ لاوی بن یعقوب کی نسل سے ہیں  ۔ الله تعالی نے انہیں  خواب یا فرشتے کے ذریعے یا ان کے دل میں  یہ بات ڈال کر الہام فرمایا کہ تم حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو دودھ پلاؤ،پھر جب تجھے اس پر خوف ہو کہ ہمسائے واقف ہو گئے ہیں  ،وہ شکایت کریں  گے اور فرعون اس فرزند ِاَرْجْمند کو قتل کرنے کے درپے ہو جائے گا تو بے خوف و خطراسے مصر کے دریا نیل میں  ڈال دے اوراس کے غرق ہوجانے اور ہلاک ہوجانے کا اندیشہ اور اس کی جدائی کا غم نہ کر ،بیشک ہم اسے تیری طرف پھیر لائیں  گے اور اسے رسولوں  میں  سے بنائیں  گے ۔چنانچہ آپ رَضِیَ الله تَعَالٰی عَنْہَا چند روز حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو دودھ پلاتی رہیں ، اس عرصے میں  نہ آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام روتے تھے، نہ ان کی گود میں  کوئی حرکت کرتے تھے اورنہ آپ کی بہن کے سوا اور کسی کو آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی ولادت کی اطلاع تھی اور جب آپ کو فرعون کی طرف سے اندیشہ ہوا تو حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کوایک صندوق میں  رکھ کر جو خاص طور پر اس مقصد کے لئے بنایا گیا تھا،رات کے وقت دریائے نیل میں  بہا دیا ۔(1)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…خازن، القصص، تحت الآیۃ: ۷، ۳/۴۲۳، مدارک، القصص، تحت الآیۃ: ۷، ص۸۶۱، جلالین، القصص، تحت الآیۃ: ۷، ص ۳۲۶، ملتقطاً۔