Brailvi Books

صراط الجنان جلدہفتم
116 - 608
كَذَّبَتْ قَوْمُ نُوْحِ ﹰالْمُرْسَلِیْنَۚۖ(۱۰۵)
ترجمۂکنزالایمان: نوح کی قوم نے پیغمبروں  کو جھٹلایا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: نوح کی قوم نے رسولوں  کو جھٹلایا۔
{كَذَّبَتْ قَوْمُ نُوْحِ ﹰالْمُرْسَلِیْنَۚ: نوح کی قوم نے رسولوں  کو جھٹلایا۔} سیّد العالَمین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی تسلی کے لئے حضرت موسیٰ اور حضرت ابراہیم عَلَیْہِمَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا واقعہ بیان کرنے کے بعد یہاں  سے حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا واقعہ بیان کیا جا رہا ہے۔ چنانچہ اس آیت میں  فرمایاگیا کہ حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی قوم نے رسولوں  کو جھٹلایا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ تمام رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا دین ایک ہے اور ہر ایک نبی لوگوں  کو تمام انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام پر ایمان لانے کی دعوت دیتے ہیں  ا س لئے حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو جھٹلانا تمام پیغمبروں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو جھٹلانا ہے۔(1)
	نوٹ:یہ واقعہ سورۂ اَعراف آیت نمبر59تا64،سورۂ یونس آیت نمبر71تا73،سورہ ٔہود آیت نمبر25تا 49، سورۃُ الانبیاء آیت نمبر76تا 77اورسورہ ٔمؤمنون آیت نمبر23تا30میں  بیان ہو چکا ہے۔ 
اِذْ قَالَ لَهُمْ اَخُوْهُمْ نُوْحٌ اَلَا تَتَّقُوْنَۚ(۱۰۶) اِنِّیْ لَكُمْ رَسُوْلٌ اَمِیْنٌۙ(۱۰۷) فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوْنِۚ(۱۰۸)
ترجمۂکنزالایمان:  جب کہ ان سے ان کے ہم قوم نوح نے کہا کیا تم ڈرتے نہیں ۔ بیشک میں  تمہارے لیے اللہ کا بھیجا ہوا امین ہوں ۔  تو اللہ سے ڈرو اور میرا حکم مانو۔