کی عبادت میں کسی کو شریک نہ کرے۔ شرکِ اکبر سے بھی بچے اور ریاء سے بھی جس کو شرکِ اصغر کہتے ہیں۔(1)
ریاکاری کی مذمت پر 4 اَحادیث:
موضوع کی مناسبت سے یہاں ریاکاری کی مذمت پر 4 اَحادیث بھی ملاحظہ ہوں:
(1)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمایا’’اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے ’’میں شریک سے بے نیاز ہوں، جس نے کسی عمل میں میرے ساتھ کسی غیر کو شریک کیا میں اسے اور اس کے شرک کو چھوڑ دیتا ہوں۔(2)
(2)…حضرت ابو سعید بن ابو فضالہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’اللّٰہ تعالیٰ جب قیامت کے دن جس میں کوئی شک و شبہ نہیں، لوگوں کو جمع فرمائے گا تو ایک پکارنے والا پکارے گا: جس نے کسی ایسے عمل میں جو اس نے اللّٰہ کے لئے کیا تھا ،کسی کو شریک ٹھہرایا تو اسے اس کا ثواب اسی غیرِ خدا سے طلب کرنا چاہئے کیونکہ اللّٰہ تعالیٰ تمام شریکوں کے شرک سے بے نیاز ہے۔(3)
(3)…حضرت محمود بن لَبید رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،رسول کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’قیامت کے د ن جب اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ بندوں کو ان کے اعمال کابدلہ دے گا توریاکاروں سے فرمائے گا: ان کے پاس جاؤ جنہیں دکھانے کے لئے تم دنیا میں عمل کیا کرتے تھے اور دیکھو! کیا تم ان کے پاس کوئی بدلہ یا بھلائی پاتے ہو؟(4)
(4)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،رسول کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جُبُّ الْحُزْن‘‘ سے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی پناہ مانگو۔ صحابہ کرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے عرض کی: ’’جُبُّ الْحُزْن‘‘ کیا ہے؟ ارشاد فرمایا: جہنم کی ایک وادی ہے جس سے جہنم (بھی) روزانہ سو مرتبہ پناہ مانگتی ہے۔ ہم نے عرض کی: اس میں کون لوگ داخل ہوں گے؟ ارشاد فرمایا: ’’وہ قاری جو اپنے اعمال لوگوں کو دکھانے کے لئے کرتے تھے(5)۔(6)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…خازن، الکہف، تحت الآیۃ: ۱۱۰، ۳/۲۲۸، مدارک، الکہف، تحت الآیۃ: ۱۱۰، ص۶۶۵-۶۶۶، ملتقطاً۔
2…مسلم، کتاب الزہد والرقائق، باب من اشرک فی عملہ غیر اللّٰہ، ص۱۵۹۴، الحدیث: ۴۶(۲۹۸۵)۔
3…ترمذی، کتاب التفسیر، باب ومن سورۃ الکہف، ۵/۱۰۵، الحدیث: ۳۱۶۵۔
4…شعب الایمان، الخامس والاربعون من شعب الایمان۔۔۔ الخ، ۵/۳۳۳، الحدیث: ۶۸۳۱۔
5…ترمذی،کتاب الزھد ، باب ما جاء فی الریاء والسمعۃ، ۴/۱۷۰، الحدیث: ۲۳۹۰.
6…ریاکاری سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے کتاب’’ریاکاری‘‘(مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)کا مطالعہ بہت مفید ہے۔