Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
477 - 695
مَا قَدَرُوا اللہَ حَقَّ قَدْرِہٖ ؕ اِنَّ اللہَ لَقَوِیٌّ عَزِیۡزٌ ﴿۷۴﴾
ترجمۂکنزالایمان: اے لوگو! ایک کہاوت فرمائی جاتی ہے اسے کان لگا کر سنو وہ جنہیں اللّٰہ کے سوا تم پوجتے ہو ایک مکھی نہ بناسکیں گے اگرچہ سب اس پر اکٹھے ہوجائیں اور اگر مکھی ان سے کچھ چھین کرلے جائے تو اس سے چھڑا نہ سکیں کتنا کمزور چاہنے والا اور وہ جس کو چاہا۔اللّٰہ کی قدر نہ جانی جیسی چاہیے تھی بیشک اللّٰہ قوت والا غالب ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اے لوگو!ایک مثال بیان کی گئی ہے تو اسے کان لگا کر سنو، بیشک اللّٰہ کے سوا جن کی تم عبادت کرتے ہو وہ ہرگز ایک مکھی (بھی) پیدا نہیں کرسکیں گے اگرچہ سب اس کیلئے جمع ہوجائیں اور اگر مکھی ان سے کچھ چھین کرلے جائے تو اس سے چھڑا نہ سکیں گے۔کتنا کمزورہے چاہنے والا اور وہ جسے چاہا گیا۔ انہوں نے اللّٰہ کی قدر نہ کی جیسا اس کی قدر کا حق ہے، بیشک اللّٰہ قوت والا، غلبے والاہے۔
{یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ ضُرِبَ مَثَلٌ: اے لوگو!ایک مثال بیان کی گئی ہے۔} گزشتہ آیات میں بیان کیاگیاکہ بتوں کی عبادت کرنے پرمشرکین کے پاس کوئی عقلی ونقلی دلیل نہیں ہے بلکہ یہ محض جہالت اوربیوقوفی کی وجہ سے ایسا کر رہے ہیں اور اس آیت میں ایک مثال کے ذریعے بتوں کی عبادت کا باطل ہونا بیان کیا جا رہا ہے، چنانچہ ارشاد فرمایا کہ اے لوگو!ایک مثال بیان کی گئی ہے، تو اسے کان لگا کر سنو اور اس میں خوب غور کرو،وہ مثال یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کی عبادت کرنے کی بجائے جن بتوں کی تم عبادت کرتے ہو،ان کے عاجز اور بے قدرت ہونے کا یہ حال ہے کہ وہ ہرگز ایک انتہائی چھوٹی سی چیز مکھی بھی پیدا نہیں کرسکیں گے اگرچہ سب مکھی پیدا کرنے کے لئے جمع ہوجائیں تو عقلمند انسان کو یہ زیبا کب دیتا ہے کہ وہ ایسے عاجز اور بے قدرت کو معبود ٹھہرائے، ایسے کو پوجنا اور معبود قرار دینا کتنی انتہا درجے کی جہالت ہے !اور اگر مکھی ان سے وہ شہد و زعفران وغیرہ چھین کرلے جائے جو مشرکین بتوں کے منہ اور سروں پر ملتے ہیں اور ان پر مکھیاں بیٹھتی ہیں تو وہ بت مکھی سے شہد و زعفران چھڑا نہ سکیں گے توایسے بے بس کو خدا بنانا اور معبود ٹھہرانا کتنا عجیب اور عقل سے دور ہے۔(1)
{ضَعُفَ الطَّالِبُ وَالْمَطْلُوۡبُ: کتنا کمزورہے چاہنے والااور وہ جس کو چاہا گیا۔} آیت کے اس حصے میں چاہنے والے
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…خازن، الحج، تحت الآیۃ: ۷۳، ۳/۳۱۷، جلالین، الحج، تحت الآیۃ: ۷۳، ص۲۸۶، ملتقطاً۔