ترجمۂکنزالایمان: اور قربانی کے ڈیل دار جانور اونٹ اور گائے ہم نے تمہارے لیے اللّٰہ کی نشانیوں سے کیے تمہارے لیے ان میں بھلائی ہے تو اُن پر اللّٰہ کا نام لو ایک پاؤں بندھے تین پاؤں سے کھڑے پھر جب ان کی کروٹیں گرجائیں تو اُن میں سے خود کھاؤ اور صبر سے بیٹھنے والے اور بھیک مانگنے والے کو کھلاؤ ہم نے یونہی اُن کو تمہارے بس میں دے دیا کہ تم احسان مانو۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور قربانی کے بڑی جسامت والے جانوروں کو ہم نے تمہارے لیے اللّٰہ کی نشانیوں میں سے بنایا۔ تمہارے لیے ان میں بھلائی ہے تو ان پر اللّٰہ کا نام لواس حال میںکہ ان کا ایک پاؤں بندھا ہوا ہو (اور) تین پاؤں پر کھڑے ہوں پھر جب ان کے پہلو گرجائیں تو ان (کے گوشت) سے خود کھاؤ اور قناعت کرنے والے اور بھیک مانگنے والے کو بھی کھلاؤ۔ اِسی طرح ہم نے ان جانوروںکو تمہارے قابومیں دے دیا تاکہ تم شکر ادا کرو۔
{وَالْبُدْنَ:اور قربانی کے بڑی جسامت والے جانور۔} اَحناف کے نزدیک بُدنہ کا اِطلاق اونٹ اور گائے دونوں پر ہوتا ہے جبکہ امام شافعی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کے نزدیک بدنہ کا اطلاق صرف اونٹ پر ہوتا ہے۔(1)
{جَعَلْنٰہَا لَکُمۡ مِّنۡ شَعَآئِرِاللہِ:ان جانوروں کو ہم نے تمہارے لیے اللّٰہ کی نشانیوں میں سے بنایا۔} یعنی اللّٰہ تعالیٰ نے قربانی کے بڑی جسامت والے جانوروں کو مسلمانوں کے لئے اپنے دین کی نشانیوں میں سے بنایا ہے۔(2)
آیت کے اس حصے سے معلوم ہوا کہ جس جانور کو عظمت والے مقام سے نسبت ہو جائے، وہ شَعائر اللّٰہ بن جاتا ہے۔
{لَکُمْ فِیۡہَا خَیۡرٌ:تمہارے لیے ان میں بھلائی ہے۔} یعنی قربانی کے ان بڑی جسامت والے جانوروں میں تمہارے لیے بھلائی ہے کہ تمہیں ان سے دنیا میں کثیر نفع اور آخرت میں اجر و ثواب ملے گا۔(3)
قربانی کا دُنْیَوی اور اُخروی فائدہ:
قربانی کا دنیوی فائدہ تو وہ ہے جو اوپر بیان ہوا کہ ضرورت کے وقت قربانی کے جانور پر سواری کی جاسکتی ہے
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…تفسیرات احمدیہ، الحج، تحت الآیۃ: ۳۶، ص۵۳۷۔
2…روح البیان، الحج، تحت الآیۃ: ۳۶، ۶/۳۵۔
3…روح البیان، الحج، تحت الآیۃ: ۳۶، ۶/۳۵۔