داخل فرمائے گا جن کے نیچے نہریں جاری ہیں۔ انہیں ان باغوں میں سونے کے کنگن اور ایسے موتی پہنائے جائیں گے جن کی چمک مشرق سے مغرب تک روشن کر ڈالے گی اور جنتوں میں ان کا لباس ریشم ہوگا جسے پہننا دنیا میں مَردوں پر حرام ہے۔(1)
آیت میں بیان کی گئی جنتی نعمتوں سے متعلق3 اَحادیث:
اس آیت میں جنت کی جن نعمتوں کے بارے میں بیان ہوا ان سے متعلق 3 اَحادیث ملاحظہ ہوں،
(1)…حضرت حکیم بن معاویہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، تاجدارِ رسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جنت میں پانی کا دریا،شہد کا دریا،دودھ کا دریا اور شراب کا دریا ہے ،پھر ان سے نہریں نکلتی ہیں ۔(2)
(2)…حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، سیّد المرسَلین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’مومن کے اَعضا میں وہاں تک زیور پہنایاجائے گاجہاں تک اس کے وضوکوپانی پہنچے گا۔(3)
(3)…حضرت ابو سعید خدری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’جنتیوں کے سر پر تاج ہوں گے اور ان تاجوں کا ادنیٰ موتی مشرق سے مغرب تک کو روشن کر دے گا۔(4)
مَردوں کے لئے ریشم پہننے کی وعیدیں:
اَحادیث میں ریشم پہننے والے مردکے لئے سخت وعیدیں بیان ہوئی ہیں،ان میں سے چند درج ذیل ہیں،
(1)…حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْمفرماتے ہیں، نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے دائیں ہاتھ میں ریشم اور بائیں ہاتھ میں سونا لے کر ارشاد فرمایا ’’بے شک یہ دونوں میری امت کے مَردوں پر حرام ہیں۔(5)
(2)…حضرت انس بن مالک رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ آخرت میں ریشم نہیں پہنے گا۔(6)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…خازن، الحج، تحت الآیۃ: ۲۳، ۳/۳۰۴، ملتقطاً۔
2…ترمذی، کتاب صفۃ الجنّۃ، باب ما جاء فی صفۃ انہار الجنّۃ، ۴/۲۵۷، الحدیث: ۲۵۸۰۔
3…مسلم، کتاب الطہارۃ، باب تبلغ الحلیۃ حیث یبلغ الوضوئ، ص۱۵۱، الحدیث: ۴۰(۲۵۰)۔
4…ترمذی، کتاب صفۃ الجنّۃ، باب ما جاء لادنی اہل الجنّۃ من الکرامۃ، ۴/۲۵۳، الحدیث: ۲۵۷۱۔
5…ابو داؤد، کتاب اللباس، باب فی الحریر للنساء، ۴/۷۱، الحدیث: ۴۰۵۷۔
6…بخاری، کتاب اللباس، باب لبس الحریر وافتراشہ للرّجال۔۔۔ الخ، ۴/۵۹، الحدیث: ۵۸۳۲۔