Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
40 - 695
ترجمۂکنزُالعِرفان:بیشک جو لوگ ایمان لائے اور اچھے اعمال کئے ان کی مہمانی کیلئے فردوس کے باغات ہیں۔ وہ ہمیشہ ان میں رہیں گے، ان سے کوئی دوسری جگہ بدلنا نہ چاہیں گے۔
{اِنَّ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا:بیشک جو لوگ ایمان لائے۔} اس سے پہلے کافروں کی جہنم میں مہمانی کا ذکر ہوا اور اب یہاں سے وہ چیز بیان کی جا رہی ہے جس سے ایمان لانے اور نیک اعمال کرنے کی ترغیب ملتی ہے ،چنانچہ ارشاد فرمایا کہ بیشک جو لوگ دنیا میں ایمان لائے اور اللّٰہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لئے اچھے اعمال کئے تو ان کی مہمانی کے لئے فردوس کے باغات ہیں۔(1)
 جنتی نعمتیں اور سب سے اعلیٰ جنت:
	یاد رہے کہ اہلِ جنت کے لئے اللّٰہ تعالیٰ نے جو نعمتیں تیار کی ہیں وہ انسان کے تَصَوُّر سے بھی زیادہ ہیں، چنانچہ اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے
’’فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّاۤ اُخْفِیَ لَہُمۡ مِّنۡ قُرَّۃِ اَعْیُنٍ ۚ جَزَآءًۢ بِمَاکَانُوۡایَعْمَلُوۡنَ‘‘(2)
ترجمۂکنزُالعِرفان:تو کسی جان کو معلوم نہیں وہ آنکھوں کی ٹھنڈکجو ان کے لیے ان کے اعمال کے بدلے میں چھپا رکھی ہے۔ 
	اور حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا ’’اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے ایسی نعمتیں تیار کر رکھی ہیں جنہیں نہ کسی آنکھ نے دیکھا،نہ کسی کان نے سنا اور نہ ہی کسی انسان کے دل پر اس کا خطرہ گزرا۔‘‘ اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھ لو’’فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّاۤ اُخْفِیَ لَہُمۡ مِّنۡ قُرَّۃِ اَعْیُنٍ‘‘(3)
	اور زیر ِتفسیر آیت میں جس جنت کا ذکر ہوا، اس کے بارے میں حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، تاجدارِ رسالتصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا ’’جب اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے مانگو تو فردوس مانگو، کیونکہ وہ جنتوں میں سب کے درمیان اور سب سے بلند ہے اور اس پر رحمن عَزَّوَجَلَّ کاعرش ہے اور اسی سے جنت کی نہریں جاری ہوتی ہیں۔(4)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…تفسیرکبیر، الکہف، تحت الآیۃ: ۱۰۷، ۷/۵۰۲، روح البیان، الکہف، تحت الآیۃ: ۱۰۷، ۵/۳۰۵، ملخصاً۔
2…سجدہ:۱۷۔
3…بخاری، کتاب بدء الخلق، باب ما جاء فی صفۃ الجنّۃ وانّہا مخلوقۃ، ۲/۳۹۱، الحدیث: ۳۲۴۴۔
4…بخاری، کتاب الجہاد والسیر، باب درجات المجاہدین فی سبیل اللّٰہ۔۔۔ الخ، ۲/۲۵۰، الحدیث: ۲۷۹۰۔