ترجمۂکنزالایمان:اور بیشک ہم نے ابراہیم کو پہلے ہی سے اس کی نیک راہ عطا کردی اور ہم اس سے خبردار تھے۔ جب اس نے اپنے باپ اور قوم سے کہایہ مورتیں کیا ہیں جن کے آگے تم آسن مارے ہو۔
ترجمۂکنزُالعِرفان:اور بیشک ہم نے ابراہیم کو پہلے ہی اس کی سمجھداری دیدی تھی اور ہم ا سے جانتے تھے ۔ یاد کرو جب اس نے اپنے باپ اوراپنی قوم سے فرمایا: یہ مجسمے کیا ہیں جن کے آگے تم جم کر بیٹھے ہوئے ہو۔
{وَلَقَدْ اٰتَیۡنَاۤ اِبْرٰہِیۡمَ:اور بیشک ہم نے ابراہیم کو دیدی تھی۔} انبیاءِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکے واقعات میں سے یہاں دوسرا واقعہ بیان کیا جارہا ہے اور یہ حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکا واقعہ ہے ، چنانچہ ارشاد فرمایا کہ بیشک ہم نے حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو ان کی ابتدائی عمر میں بالغ ہونے سے پہلے ہی ان کی نیک راہ عطا کر دی تھی اور ہم ان کے بارے میںجانتے تھے کہ وہ ہدایت و نبوت کے اہل ہیں۔(1)
{اِذْ قَالَ لِاَبِیۡہِ وَقَوْمِہٖ:یاد کرو جب اس نے اپنے باپ اور اپنی قوم سے فرمایا۔} یعنی وہ وقت یاد کریں جب حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامنے اپنے (عرفی) باپ اور اپنی قوم سے فرمایا: درندوں پرندوں اور انسانوں کی صورتوں کے بنے ہوئے یہ مجسمے کیا ہیں جن کے آگے تم جم کر بیٹھے ہوئے ہو اور ان کی عبادت میں مشغول ہو؟(2)
قَالُوۡا وَجَدْنَاۤ اٰبَآءَنَا لَہَا عٰبِدِیۡنَ ﴿۵۳﴾
ترجمۂکنزالایمان: بولے ہم نے اپنے باپ دادا کو ان کی پوجا کرتے پایا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان:انہوں نے کہا: ہم نے اپنے باپ دادا کو ان کی پوجا کرتے ہوئے پایا۔
{قَالُوۡا:انہوں نے کہا ۔} جب لوگ مجسموں کی عبادت کرنے پر کوئی دلیل پیش کرنے سے عاجز ہو گئے تو وہ کہنے لگے: ہم نے اپنے باپ داداکواسی طرح کرتے پایاہے لہٰذا ہم بھی اسی طرح کررہے ہیں۔(3)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…تفسیرکبیر، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۵۱، ۸/۱۵۲، خازن، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۵۱، ۳/۲۷۹، ملتقطاً۔
2…مدارک، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۵۲، ص۷۱۸-۵۱۹۔
3…مدارک، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۵۲-۵۳، ص۷۱۹۔