Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
326 - 695
الَّذِیۡنَ یَخْشَوْنَ رَبَّہُمۡ بِالْغَیۡبِ وَ ہُمۡ مِّنَ السَّاعَۃِ مُشْفِقُوۡنَ ﴿۴۹﴾
ترجمۂکنزالایمان: وہ جو بے دیکھے اپنے رب سے ڈرتے ہیں  اور انہیں قیامت کا اندیشہ لگا ہوا ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان:وہ جو اپنے رب سے بغیر دیکھے ڈرتے ہیں اوروہ قیامت سے ڈرتے ہیں۔ 
{اَلَّذِیۡنَ یَخْشَوْنَ رَبَّہُمۡ بِالْغَیۡبِ:وہ جو اپنے رب سے بغیر دیکھے ڈرتے ہیں۔} ارشاد فرمایا: پرہیز گار لوگوں کا وصف یہ ہے کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈرتے ہیں حالانکہ انہوں نے ا س کے عذاب کا مشاہدہ نہیں کیا اوروہ قیامت کے دن ہونے والے عذاب، حساب ،سوال اور اس کی دیگر ہولناکیوں سے ڈرتے ہیں اور اسی خوف کے سبب وہ اللّٰہ تعالیٰ کی نافرمانی کرنے سے بچتے ہیں۔(1)
بن دیکھے اللّٰہ تعالیٰ سے ڈرنے والوں کی فضیلت:
	وہ لوگ جو بن دیکھے اللّٰہ تعالیٰ سے ڈرتے ہیں ،ان کی فضیلت سے متعلق قرآنِ مجید میں ایک مقام پر اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
’’مَنْ خَشِیَ الرَّحْمٰنَ بِالْغَیۡبِ وَ جَآءَ بِقَلْبٍ مُّنِیۡبِۣ ﴿ۙ۳۳﴾ ادْخُلُوۡہَا بِسَلٰمٍ ؕ ذٰلِکَ یَوْمُ الْخُلُوۡدِ‘‘(2)
ترجمۂکنزُالعِرفان: جو رحمن سے بن دیکھے ڈرتا ہے اور رجوع کرنے والے دل کے ساتھ آتا ہے ۔(ان سے فرمایا جائے گا) سلامتی کے ساتھ جنت میں داخل ہوجاؤ ،یہ ہمیشہ رہنے کا دن ہے۔
	اور دوسرے مقام پر ارشاد فرماتا ہے:
’’اِنَّ الَّذِیۡنَ یَخْشَوْنَ رَبَّہُمۡ بِالْغَیۡبِ لَہُمۡ مَّغْفِرَۃٌ وَّ اَجْرٌ کَبِیۡرٌ‘‘(3)
ترجمۂکنزُالعِرفان: بیشک جو لوگ بغیر دیکھے اپنے رب سےڈرتے ہیں ان کے لیے بخشش اور بڑا ثواب ہے۔
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…روح البیان، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۴۹، ۵/۴۸۸، مدارک، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۴۹، ص۷۱۸، تفسیرکبیر، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۴۹، ۸/۱۵۱، ملتقطاً۔
2…ق: ۳۳،۳۴۔
3…ملک: ۱۲۔