Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
317 - 695
ترجمۂکنزالایمان: تم فرماؤ شبانہ روز تمہاری کون نگہبانی کرتا ہے رحمن سے بلکہ وہ اپنے رب کی یاد سے منہ پھیرے ہیں۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: تم فرماؤ: رات اور دن میں رحمن کے عذاب سے تمہاری کون حفاظت کرے گا؟ بلکہ وہ اپنے رب کے ذکر سے منہ پھیرے ہوئے ہیں۔
{قُلْ:تم فرماؤ۔} اے حبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ ان مذاق اڑانے والے مغرور کافروں سے فرما ئیں کہ اگر اللّٰہ تعالیٰ رات اور دن میں تم پر اپنا عذاب نازل کرے تواس کے عذاب سے تمہاری کون حفاظت کرے گا؟ کیا اس کے علاوہ کوئی اور ایسا ہے جو تمہیں عذاب سے محفوظ رکھ سکے؟ تو حقیقت میں یہ لوگ سراسر غفلت میں پڑے ہوئے ہیں اور اپنے رب کی یاد سے منہ پھیرے ہوئے ہیں۔
اَمْ لَہُمْ اٰلِہَۃٌ تَمْنَعُہُمۡ مِّنۡ دُوۡنِنَا ؕ لَا یَسْتَطِیۡعُوۡنَ نَصْرَ اَنۡفُسِہِمْ وَ لَا ہُمۡ مِّنَّا یُصْحَبُوۡنَ ﴿۴۳﴾
ترجمۂکنزالایمان: کیا ان کے کچھ خدا ہیں جو ان کو ہم سے بچاتے ہیں وہ اپنی ہی جانوں کو نہیں بچاسکتے اور نہ ہماری طرف سے ان کی یاری ہو۔ 
ترجمۂکنزُالعِرفان:کیا ان کے کچھ خدا ہیں جو انہیں ہم سے بچالیں گے ؟ وہ اپنی ہی جانوں کی مدد نہیں کرسکتے اور نہ ہی ان کی ہماری طرف سے مدد و حفاظت کی جاتی ہے۔ 
{اَمْ لَہُمْ اٰلِہَۃٌ تَمْنَعُہُمۡ مِّنۡ دُوۡنِنَا:کیا ان کے کچھ خدا ہیں جو انہیں ہم سے بچالیں گے ؟} ارشاد فرمایا کہ کیا ان کافروں کے خیال میں ہمارے سوا ان کے کچھ خدا ہیں جو انہیں ہم سے بچاتے ہیں اور ہمارے عذاب سے محفوظ رکھتے ہیں؟ ایسا تو نہیں ہے اور اگر وہ اپنے بتوں کے بارے میں یہ اعتقاد رکھتے ہیں تو ان بتوں کا حال یہ ہے کہ وہ اپنی ہی جانوں کی مدد نہیں کرسکتے ،اپنے پوجنے والوں کو کیا بچا سکیں گے اور نہ ہی ان کی ہماری طرف سے مدد و حفاظت کی جاتی ہے۔(1)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…خازن، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۴۳، ۳/۲۷۸، تفسیرکبیر، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۴۳، ۸/۱۴۷، ملتقطاً۔