Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
287 - 695
ہو جانے کے بعد ان کی بھی وفات ہوئی، اور جب اللّٰہ تعالیٰ کا طریقہ ہی یہی ہے تو کفارِ مکہ کا رسول کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکے کھانے پینے پر اعتراض کرنامحض بے جا اور فضول ہے۔(1)
{ثُمَّ صَدَقْنٰہُمُ الْوَعْدَ:پھر ہم نے اپنا وعدہ انہیں سچا کر دکھایا۔}ارشاد فرمایا کہ ہم نے انبیاءِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی طرف جو وحی کرنی تھی وہ وحی کی ،پھر ہم نے انبیاءِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کونجات دینے اور ان کے دشمنوں کو ہلاک کرنے کا اپنا وعدہ سچا کر دکھایا تو ہم نے انہیں اور ان کی تصدیق کرنے والے مومنوںکو نجات دی اور انبیاء کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی تکذیب کر کے حد سے بڑھنے والوں کو ہلاک کردیا۔(2)
لَقَدْ اَنۡزَلْنَاۤ اِلَیۡکُمْ کِتٰبًا فِیۡہِ ذِکْرُکُمْ ؕ اَفَلَا تَعْقِلُوۡنَ ﴿٪۱۰﴾
ترجمۂکنزالایمان: بیشک ہم نے تمہاری طرف ایک کتاب اتاری جس میں تمہاری ناموری ہے تو کیا تمہیں عقل نہیں۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: بیشک ہم نے تمہاری طرف ایک کتاب نازل فرمائی جس میں تمہارا چرچا ہے۔ تو کیا تمہیں عقل نہیں؟
{لَقَدْ اَنۡزَلْنَاۤ اِلَیۡکُمْ کِتٰبًا:بیشک ہم نے تمہاری طرف ایک کتاب نازل فرمائی ۔}ارشاد فرمایا کہ اے قریش کے گروہ! ہم نے تمہاری طرف ایک عظیم الشان کتاب نازل فرمائی جس میں تمہارا شرف اور تمہاری عزت ہے کیونکہ وہ تمہاری زبان اور تمہاری لغت کے مطابق ہے توتم ا س کتاب سے کیسے منہ پھیر سکتے ہو حالانکہ غیرت اور عقل کا تقاضا یہ ہے کہ تم اس کتاب کی اور اس نبی کی تعظیم کرو جو اسے لے کر آئے ہیں اور اس پر سب سے پہلے ایمان لانے والے ہو جاؤ،کیا تم جاہل ہو اور تمہیں عقل نہیں کہ ایمان لا کر اس عزت و کرامت اور سعادت کو حاصل کرو۔(3)
	اس آیت میں مذکور لفظ ’’فِیْہِ ذِکْرُکُمْ‘‘ کے مفسرین نے اور معنی بھی بیان کئے ہیں ،جیسے ایک معنی یہ ہے کہ ’’اس میں تمہارے لئے نصیحت ہے اور ایک معنی یہ ہے کہ’’ اس میں تمہارے دینی اور دُنْیَوی اُمور اور حاجات کا بیان ہے۔(4)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…تفسیرکبیر، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۸، ۸/۱۲۲، روح البیان، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۸، ۵/۴۵۶، ملتقطاً۔
2…روح البیان، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۹، ۵/۴۵۷، مدارک، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۹، ص۷۱۰-۷۱۱، جلالین، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۹، ص۲۷۰، ملتقطاً۔
3…ابوسعود، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۱۰، ۳/۵۰۷، صاوی، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۱۰، ۴/۱۲۹۲، ملتقطاً۔
4…مدارک، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۱۰، ص۷۱۱۔