Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
237 - 695
(5)…حضرت عثمان بن عفان رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُسے روایت ہے، رسول اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’قیامت کے دن تین لوگ شفاعت کریں گے ۔ (1) انبیاءِ کرامعَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام۔ (2)پھر علماء۔ (3) پھر شہداء۔(1)
(6)… حضرت انس بن مالک رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا ’’قیامت کے دن لوگ صفیں باندھے ہوئے ہوں گے، (اتنے میں) ایک دوزخی ایک جنتی کے پاس سے گزرے گا اور اس سے کہے گا: کیا آپ کو یاد نہیں کہ آپ نے ایک دن مجھ سے پانی مانگا تو میں نے آپ کوپلا دیا تھا؟ اتنی سی بات پر وہ جنتی اس دوزخی کی شفاعت کرے گا۔ ایک جہنمی کسی دوسرے جنتی کے پاس سے گزرے گا تو کہے گا: کیا آپ کو یاد نہیں کہ ایک دن میں نے آپ کووضو کیلئے پانی دیا تھا؟ اتنے ہی پر وہ اس کاشفیع ہوجائے گا۔ ایک کہے گا: آپ کو یاد نہیں کہ فلاں دن آپ نے مجھے فلاں کام کوبھیجا تومیں چلا گیا تھا؟ اسی قدر پر یہ اس کی شفاعت کرے گا۔(2)
یَعْلَمُ مَا بَیۡنَ اَیۡدِیۡہِمْ وَمَا خَلْفَہُمْ وَلَا یُحِیۡطُوۡنَ بِہٖ عِلْمًا ﴿۱۱۰﴾
ترجمۂکنزالایمان: وہ جانتا ہے جو کچھ ان کے آگے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے اور ان کا علم اسے نہیں گھیر سکتا ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: وہ جانتا ہے جو کچھ ان لوگوں کے آگے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے اور لوگوںکا علم اسے نہیں گھیر سکتا۔
{یَعْلَمُ مَا بَیۡنَ اَیۡدِیۡہِمْ:وہ جانتا ہے جو کچھ ان لوگوں کے آگے ہے ۔} یعنی اللّٰہ تعالیٰ کا علم بندوں کی ذات و صفات، ان کے گزشتہ اور آئندہ کے تمام اَحوال اور دنیا و آخرت کے جملہ اُمور کا اِحاطہ کئے ہوئے ہے ۔
{وَلَا یُحِیۡطُوۡنَ بِہٖ عِلْمًا:اور لوگوںکا علم اسے نہیں گھیر سکتا ۔} یعنی پوری کائنات کا علم اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کا احاطہ نہیں کر سکتا ، اس کی ذات کا اِدراک کائنات کے علوم کی رسائی سے برتر ہے ، وہ اپنے اَسماء و صفات ، آثارِ قدرت اور حکمت کی صورتوں سے پہچانا جاتا ہے ۔ فارسی کا ایک شعر ہے:
کجا دریابد او را عقلِ چالاک	کہ اوبالا تر است ازحدِ ادراک
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…ابن ماجہ، کتاب الزہد، باب ذکر الشفاعۃ، ۴/۵۲۶، الحدیث: ۴۳۱۳۔
2…ابن ماجہ، کتاب الادب، باب فضل صدقۃ الماء، ۴/۱۹۶، الحدیث: ۳۶۸۵۔