Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
216 - 695
ترجمۂکنزُالعِرفان: اے بنی اسرائیل! بیشک ہم نے تمہیں تمہارے دشمن سے نجات دی اور تمہارے ساتھ کوہِ طور کی دائیں جانب کا وعدہ کیا اور تم پر من اور سلویٰ اتارا ۔ جو پاکیزہ رزق ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے کھاؤ اور اس میں زیادتی نہ کرو کہ تم پر میرا غضب اترآئے اور جس پر میرا غضب اترآیا توبیشک وہ گرگیا۔ اور بیشک میں اس آدمی کو بہت بخشنے والا ہوں جس نے توبہ کی اور ایمان لایا اور نیک عمل کیا پھر ہدایت پر رہا۔ 
{یٰبَنِیۡۤ اِسْرآءِیۡلَ:اے بنی اسرائیل!} اس آیت اور اس کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ فرعون اور ا س کی قوم کے غرق ہونے کے بعد اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے احسانات کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا ’’ اے بنی اسرائیل! بیشک ہم نے تمہیں تمہارے دشمن فرعون اور ا س کی قوم سے نجات دی جو تمہارے بیٹوں کو ذبح کرتے ،بیٹیوں کو زندہ رکھتے اور تم سے انتہائی محنت و مشقت والے کام لیتے تھے، اور ہم نے اپنے نبی عَلَیْہِ السَّلَامکے ذریعے تمہارے ساتھ کوہِ طور کی دائیں جانب کا وعدہ کیا کہ ہم حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکو وہاں توریت عطا فرمائیں گے جس پر عمل کیا جائے اور ہم نے تم پر تیہ کے میدان میں مَنّ و سَلْویٰ اتارا اور فرمایا ’’ ہم نے جو پاکیزہ رزق تمہیں دیا ہے اس میں سے کھاؤ اور اس میں ناشکری اور نعمت کا انکار کر کے اور ان نعمتوں کو مَعاصی اور گناہوں میں خرچ کر کے یا ایک دوسرے پرظلم کر کے زیادتی نہ کرو ورنہ تم پر میرا غضب اتر آئے گااور جس پر میرا غضب اتر آیا توبیشک وہ جہنم میں گرگیا اور ہلاک ہوا اور بیشک میں اس آدمی کو بہت بخشنے والا ہوں جس نے شرک سے توبہ کی اور ایمان لایا اور نیک عمل کیا پھر آخری دم تک ہدایت پر رہا۔(1)
توبہ کی اہمیت اور ا س کی قبولیت:
	اس سے معلوم ہوا کہ توبہ ایسی اہم ترین چیز ہے جس سے بندہ اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے بخشش اور مغفرت کا پروانہ حاصل کر سکتا ہے ۔ علامہ اسماعیل حقی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِفرماتے ہیں :جان لو کہ توبہ صابن کی طرح ہے تو جس طرح صابن ظاہری میل کچیل کو دور کر دیتا ہے اسی طرح توبہ باطنی یعنی گناہوں کے میل اور گندگیوں کو صاف کر دیتی ہے۔(2)البتہ یہاں یہ بات یاد رہے کہ وہی توبہ مقبول اور فائدہ مند ہے جو سچی ہو اور سچی توبہ اپنے گناہ کا اقرار کرنے ، اس پر نادم و 
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…روح البیان، طہ، تحت الآیۃ: ۸۰-۸۲، ۵/۴۱۰-۴۱۱، خازن، طہ، تحت الآیۃ: ۸۰-۸۲، ۳/۲۵۹-۲۶۰، مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۸۰-۸۲، ص۶۹۸-۶۹۹، ملتقطاً۔
2…روح البیان، طہ، تحت الآیۃ: ۸۲، ۵/۴۱۲۔