Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
213 - 695
{وَذٰلِکَ جَزَآؤُا مَنۡ تَزَکّٰی:اور یہ اس کی جزا ہے جو پاک ہوا۔} اس آیتِ مبارکہ کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ہر عقلمند کو چاہئے کہ اگر وہ کفر و شرک کی نجاست سے آلودہ ہے تو وہ اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیت اور اس کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی رسالت کا اقرار کر کے اور اسلام کے بیان کردہ عقائد اختیار کر کے کفر و شرک کی نجاست سے فوری طور پر پاک ہو جائے اور اس کے بعد خود کوگناہوں کی گندگی سے پاک صاف رکھے، یونہی ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ تمام گناہوں، مذموم نَفسانی اَخلاق اور برے شیطانی اَوصاف سے خود کو پاک کرے تاکہ قیامت کے دن اسے اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت سے حصہ ملے اور اس کے فضل وکرم کے صدقے جنت میں بلند درجات نصیب ہوں۔
	 اے اللّٰہ !عَزَّوَجَلَّ، ہمارے تمام گناہوں اور ساری خطاؤں کو معاف فرما، ہمیں گناہوں سے بچنے اور نیک اعمال کرنے کی توفیق مَرحمت فرما، ہماری زندگی اور موت دونوں کو بہتر فرما، دینِ اسلام پر ہمیں ثابت قدمی نصیب فرما، حشر کے دن ہمیں اپنے حبیبصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی شفاعت اور ان کے صدقے میزانِ عمل اور پل صراط پر آسانی عطا فرما اور ہم تیرے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکے صدقے تجھ سے جنت ،اس میں بلند درجات اور تیرے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا پڑوس مانگتے ہیں،اے اللّٰہ !عَزَّوَجَلَّ، اپنی رحمت اور فضل و کرم کے صدقے ہمیں یہ عطا فرما۔اٰمین۔
وَ لَقَدْ اَوْحَیۡنَاۤ اِلٰی مُوۡسٰۤی ۬ۙ اَنْ اَسْرِ بِعِبَادِیۡ فَاضْرِبْ لَہُمْ طَرِیۡقًا فِی الْبَحْرِ یَبَسًا ۙ لَّا تَخٰفُ دَرَکًا وَّ لَا تَخْشٰی ﴿۷۷﴾
ترجمۂکنزالایمان: اور بیشک ہم نے موسیٰ کو وحی کی کہ راتوں رات میرے بندوں کو لے چل اور ان کے لیے دریا میں سوکھا راستہ نکال دے تجھے ڈر نہ ہوگا کہ فرعون آلے اور نہ خطرہ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور بیشک ہم نے موسیٰ کی طرف وحی بھیجی کہ راتوں رات میرے بندوں کو لے چلو اور ان کے لیے دریا میں خشک راستہ نکال دو۔ تجھے ڈر نہ ہوگا کہ فرعون پکڑ لے اور نہ تجھے خطرہ ہوگا۔