Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
207 - 695
مطابق اپنے دل میں اس بات کا خوف محسوس کیا کہیں وہ سانپ ان کی طرف ہی نہ آ جائیں۔ اللّٰہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامسے فرمایاـ: تم ڈرو نہیں ،بے شک تم ہی ان پر غالب آؤ گے اور تمہیں ہی ان پر غلبہ و کامیابی نصیب ہو گی۔(1)
وَاَلْقِ مَا فِیۡ یَمِیۡنِکَ تَلْقَفْ مَا صَنَعُوۡا ؕ اِنَّمَا صَنَعُوۡا کَیۡدُ سٰحِرٍ ؕ وَ لَایُفْلِحُ السّٰحِرُ حَیۡثُ اَتٰی ﴿۶۹﴾
ترجمۂکنزالایمان: اور ڈال تو دے جو تیرے دہنے ہاتھ میں ہے وہ ان کی بناوٹوں کو نگل جائے گا وہ جو بناکر لائے ہیں وہ تو جادوگر کا فریب ہے اور جادوگر کا بھلا نہیں ہوتا کہیں آوے۔ 
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور تم بھی اسے ڈال دو جو تمہارے دائیں ہاتھ میں ہے وہ ان کی بنائی ہوئی چیزوں کو نگل جائے گا۔ بیشک جو انہوں نے بنایا ہے وہ تو صرف جادوگروں کا مکروفریب ہے اور جادوگر کامیاب نہیں ہوتا جہاں بھی آجائے۔ 
{وَاَلْقِ مَا فِیۡ یَمِیۡنِکَ:اور تم بھی اسے ڈال دو جو تمہارے دائیں ہاتھ میں ہے۔} اللّٰہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ اے موسیٰ! عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام، تم ان کی رسیوں لاٹھیوں کی کثرت کی پرواہ نہ کرو اور تم بھی اپنا وہ عصا ڈال دو جو تمہارے دائیں ہاتھ میں ہے، وہ ان کی بنائی ہوئی چیزوں کو نگل جائے گا۔ بیشک جو انہوں نے بنایا ہے وہ تو صرف جادوگروں کا مکر وفریب ہے اور جادوگر کامیاب نہیں ہوتا جہاں بھی آجائے۔ پھر حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اپنا عصا ڈالا تو وہ جادوگروں کے تمام اژدہوں اور سانپوں کو نگل گیا اور آدمی اس کے خوف سے گھبرا گئے اور جب حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اسے اپنے دست ِمبارک میں لیا تو پہلے کی طرح عصا ہو گیا۔ یہ دیکھ کر جادوگروں کو یقین ہوگیا کہ یہ معجزہ ہے جس سے جادو مقابلہ نہیں کر سکتا اور جادو کی فریب کاری اس کے سامنے قائم نہیں رہ سکتی۔(2)
فَاُلْقِیَ السَّحَرَۃُ سُجَّدًا قَالُوۡۤا اٰمَنَّا بِرَبِّ ہٰرُوۡنَ وَ مُوۡسٰی ﴿۷۰﴾
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۶۶-۶۸، ص۶۹۵-۶۹۶، خازن، طہ، تحت الآیۃ: ۶۶-۶۸، ۳/۲۵۷-۲۵۸، ملتقطاً۔
2…مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۶۹، ص۶۹۶، تفسیر کبیر، طہ، تحت الآیۃ: ۶۹، ۸/۷۴-۷۵، ملتقطاً۔