Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
200 - 695
ترجمۂکنزالایمان: تم کھاؤ اور اپنے مویشیوں کو چَراؤ بیشک اس میں نشانیاں ہیں عقل والوں کو۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: تم کھاؤ اور اپنے مویشیوں کو چراؤ، بیشک اس میں عقل والوں کیلئے نشانیاں ہیں۔ 
{کُلُوۡا وَ ارْعَوْا اَنْعَامَکُمْ:تم کھاؤ اور اپنے مویشیوں کو چراؤ۔} ارشاد فرمایا کہ ہم نے جو یہ نباتات نکالی ہیں، ان میں سے تم خود بھی کھاؤ اور اپنے مویشیوں کو بھی چراؤ۔ یاد رہے کہ اس آیت میں جو حکم دیا گیا ہے یہ اِباحت اور اللّٰہ تعالیٰ کی نعمت یاد دلانے کے لئے ہے یعنی ہم نے یہ نباتات تمہارے لئے اس طور پر نکالی ہیں کہ انہیں کھانا اور اپنے جانوروں کو چَرانا تمہارے لئے مباح و جائز ہے۔(1)
{اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّاُولِی النُّہٰی:بیشک اس میں عقل والوں کیلئے نشانیاں ہیں۔} یعنی زمین کو بچھونا بنانے، اس میں سفر کے لئے راستوں کو آسان کرنے، آسمان سے پانی نازل کرنے اور زمین سے مختلف اَقسام کی نباتات اگانے میں عقل رکھنے والے لوگوں کے لئے اللّٰہ تعالیٰ کے صانع ہونے، اس کی وحدت، اس کی عظیم قدرت اور اس کی ظاہر و باہر حکمت پر دلالت کرنے والی کثیر، واضح اور عظیم نشانیاں ہیں۔(2)
مِنْہَا خَلَقْنٰکُمْ وَ فِیۡہَا نُعِیۡدُکُمْ وَ مِنْہَا نُخْرِجُکُمْ تَارَۃً اُخْرٰی ﴿۵۵﴾
ترجمۂکنزالایمان: ہم نے زمین ہی سے تمہیں بنایا اور اسی میں تمہیں پھر لے جائیں گے اور اسی سے تمہیں دوبارہ نکالیں گے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: ہم نے زمین ہی سے تمہیں بنایا اور اسی میں تمہیں پھر لوٹائیں گے اور اسی سے تمہیں دوبارہ نکالیں گے۔ 
{مِنْہَا خَلَقْنٰکُمْ:ہم نے زمین ہی سے تمہیں بنایا ۔} ارشاد فرمایا کہ ہم نے تمہارے جد ِاعلیٰ ،حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو زمین سے پیدا کر کے تمہیں اس سے ہی بنایا اور تمہاری موت اور دفن کے وقت اسی زمین میں تمہیں پھر لوٹائیں گے اور قیامت کے دن اسی زمین سے تمہیں دوبارہ نکالیں گے۔(3)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۵۴، ص۶۹۳۔
2…روح البیان، طہ، تحت الآیۃ: ۵۴، ۵/۳۹۶۔
3…جلالین، طہ، تحت الآیۃ: ۵۵، ص۲۶۳۔