Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
197 - 695
بندگی و اَسیری سے رہا کر دے اور ان سے محنت و مشقت کے سخت کام لے کر انہیں تکلیف نہ دے۔ بیشک ہم تیرے رب عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے معجزات لے کر آئے ہیں جو ہماری نبوت کی صداقت کی دلیل ہیں۔ فرعون نے کہا: وہ معجزات کیا ہیں؟ تو حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامنے ہاتھ روشن ہونے کا معجزہ دکھایا (اور فرمایا) جو ہدایت کی پیروی کرے اس کے لئے دونوں جہان میں سلامتی ہے اور وہ عذاب سے محفوظ رہے گا ۔بیشک ہماری طرف وحی ہوتی ہے کہ عذاب اس پر ہے جو ہماری نبوت کو اور ان اَحکام کو جھٹلائے جو ہم لائے ہیں اور ہماری ہدایت سے منہ پھیرے۔(1)
قَالَ فَمَنۡ رَّبُّکُمَا یٰمُوۡسٰی ﴿۴۹﴾ قَالَ رَبُّـنَا الَّذِیۡۤ اَعْطٰی کُلَّ شَیۡءٍ خَلْقَہٗ ثُمَّ ہَدٰی ﴿۵۰﴾
ترجمۂکنزالایمان: بولا تو تم دونوں کا خدا کون ہے اے موسیٰ۔ کہا ہمارا رب وہ ہے جس نے ہر چیز کو اس کے لائق صورت دی پھر راہ دکھائی ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: فرعون بولا: اے موسیٰ ! تو تم دونوں کارب کون ہے؟ موسیٰ نے فرمایا: ہمارا رب وہ ہے جس نے ہر چیز کو اس کی خاص شکل و صورت دی پھر راہ دکھائی۔ 
{قَالَ:فرعون بولا۔} حضرت موسیٰ و حضرت ہارون عَلَیْہِمَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے جب فرعون کو یہ پیغام پہنچا دیا تو وہ بولا : اے موسیٰ ! تو تم دونوں کارب کون ہے جس نے تمہیں بھیجا ہے؟ حضرت موسیٰعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اسے جواب دیتے ہوئے فرمایا: ہمارا ربعَزَّوَجَلَّ وہ ہے جس نے محض اپنی رحمت سے ہر چیز کو اس کی خاص شکل و صورت دی ،جیسا کہ ہاتھ کو اس کے لائق ایسی شکل دی کہ وہ کسی چیز کو پکڑ سکے ، پاؤں کو اس کے قابل کہ وہ چل سکے ، زبان کو اس کے مناسب کہ وہ بول سکے ، آنکھ کو اس کے موافق کہ وہ دیکھ سکے اور کان کو ایسی شکل و صورت دی کہ وہ سن سکے ، پھر راہ دکھائی اور اس کی معرفت دی کہ دنیا کی زندگانی اور آخرت کی سعادت کے لئے اللّٰہ تعالیٰ کی عطا کی ہوئی نعمتوں کو کس طرح کام میں لایا جائے۔(2)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۴۷-۴۸، ص۶۹۲، جلالین، طہ، تحت الآیۃ: ۴۷-۴۸، ص۲۶۳، ملتقطاً۔
2…مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۴۹-۵۰، ص۶۹۲-۶۹۳، روح البیان، طہ، تحت الآیۃ: ۴۹-۵۰، ۵/۳۹۴، ملتقطاً۔