Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
125 - 695
کو اختیار کرنے والے تو جہنم کی خوفناک وادی غی میں جائیں گے مگر جنہوں نے کفر و شرک اور دیگر گناہوں سے توبہ کر لی اور کفر کی جگہ ایمان کو اختیار کیا اور اس کے بعد نیک کام کئے تو یہ لوگ جنت میں داخل ہوں گے اور ان پر کوئی زیادتی نہیں کی جائے گی اور ان کے اعمال کی جزا میں کچھ بھی کمی نہ کی جائے گی۔(1) اس آیت سے معلوم ہوا کہ کافر کے لئے پہلے کفر سے بیزاری کا اظہار کرنا، پھر ایمان لانا اور پھر نیک اعمال کرنا ضروری ہیں۔
جَنّٰتِ عَدْنِۣ الَّتِیۡ وَعَدَ الرَّحْمٰنُ عِبَادَہٗ بِالْغَیۡبِ ؕ اِنَّہٗ کَانَ وَعْدُہٗ مَاۡتِیًّا ﴿۶۱﴾
ترجمۂکنزالایمان: بسنے کے باغ جن کا وعدہ رحمن نے اپنے بندوں سے غیب میں کیا بیشک اس کا وعدہ آنے والا ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: ہمیشہ رہنے کے ان باغوں میں (داخل ہوں گے) جن کا وعدہ رحمن نے اپنے بندوں سے ان کے دیکھے بغیر فرمایا ہے۔ بیشک اس کا وعدہ آنے والا ہے۔
{جَنّٰتِ عَدْنِ:ہمیشہ رہنے کے باغوں میں۔} یعنی جنہوں نے توبہ کی، ایمان لائے اور نیک اعمال کئے وہ ہمیشہ رہنے کے ان باغوں میں داخل ہوں گے جن کا وعدہ رحمن نے اپنے اِن بندوں سے فرمایا ہے ا س حال میں کہ جنت اِن سے غائب ہے اور اِن کی نظر کے سامنے نہیں یا اس حال میں کہ وہ جنت سے غائب ہیں اور اس کا مشاہدہ نہیں کرتے اور یہ محض اس کی خبر ملنے سے ہی اس پرایمان لے آئے ہیں ۔ بیشک اللّٰہ تعالیٰ نے جنت کا جو وعدہ فرمایاہے اس کا وہ وعدہ یقینی طور پر آنے والا ہے۔(2)
لَا یَسْمَعُوۡنَ فِیۡہَا لَغْوًا اِلَّا سَلٰمًا ؕ وَ لَہُمْ رِزْقُہُمْ فِیۡہَا بُکْرَۃً وَّعَشِیًّا ﴿۶۲﴾
ترجمۂکنزالایمان:وہ اس میں کوئی بیکار بات نہ سنیں گے مگر سلام اور انہیں اس میں ان کا رزق ہے صبح و شام۔ 
ترجمۂکنزُالعِرفان: وہ ان باغات میں کوئی بیکار بات نہ سنیں گے مگر سلام اور ان کیلئے اس میں صبح و شام ان کا رزق ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…روح البیان، مریم، تحت الآیۃ: ۶۰، ۵/۳۴۵۔
2…روح البیان، مریم، تحت الآیۃ: ۶۱، ۵/۳۴۵۔