نما ز ضائع کرنے کی صورتیں اور 3 وعیدیں:
اس آیت میں نمازیں ضائع کرنے کو سب سے پہلے اور دیگر گناہوں کو بعد میں ذکر کیا گیا، اس سے معلوم ہوا کہ نمازیں ضائع کرنا گناہوں کی جڑ ہے۔ نمازیں ضائع کرنے کی کئی صورتیں ہیں، جیسے نماز نہ پڑھنا، بے وقت پڑھنا، ہمیشہ نہ پڑھنا، ریا کاری سے پڑھنا اور نیت کے بغیر نماز شروع کر دینا وغیرہ ۔ اَحادیث میں نماز ضائع کرنے کی بہت وعیدیں بیان کی گئی ہیں ، ان میں سے 3 وعیدیں درج ذیل ہیں۔
(1)…حضرت نوفل بن معاویہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضور اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’جس کی نماز فوت ہوئی گویا اس کے اہل و مال جاتے رہے۔(1)
(2)…حضرت اُمِّ ایمن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا سے روایت ہے، حضور اکرمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا: ’’قصداً نماز ترک نہ کرو کیونکہ جو قصداً نماز ترک کردیتا ہے، اللّٰہ عَزَّوَجَلَّاور رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اس سے بری الذِّمہ ہیں۔(2)
(3)…حضرت عقبہ بن عامر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا ’’ عنقریب میری امت سے کتاب والے اور دودھ والے ہلاک ہوں گے۔ میں نے عرض کی: یا رسولَ اللّٰہ !صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، کتاب والوں سے کیا مراد ہے؟ ارشاد فرمایا ’’یہ وہ لوگ ہیں جو اللّٰہ کی کتاب کو اس لئے سیکھیں گے تاکہ اس کے ذریعے ایمان والوں سے جھگڑا کریں۔ میں نے پھر عرض کی: یا رسولَ اللّٰہ !صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، دودھ والوں سے کیا مراد ہے؟ ارشاد فرمایا ’’یہ وہ لوگ ہیں جو خواہشات کی پیروی کریں گے اور اپنی نمازیں ضائع کریں گے۔(3)
{فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّا: عنقریب وہ جہنم کی خوفناک وادی غی سے جاملیں گے۔} آیت کے اس حصے میں نمازیں ضائع کرنے اور اللّٰہ تعالیٰ کی اطاعت کے مقابلے میں اپنی خواہشوں کی پیروی کرنے والوں کا انجام بیان کیا گیا کہ وہ عنقریب جہنم کی خوفناک وادی غی میں ڈال دئیے جائیں گے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…بخاری، کتاب المناقب، باب علامات النبوۃ فی الاسلام، ۲/۵۰۱، الحدیث: ۳۶۰۲۔
2…مسند امام احمد، مسند القبائل، حدیث امّ ایمن رضی اللّٰہ عنہا، ۱۰/۳۸۶، الحدیث: ۲۷۴۳۳۔
3…مستدرک، کتاب التفسیر، تفسیر سورۃ مریم، سیہلک من امتی اہل الکتاب واہل اللبن، ۳/۱۲۶، الحدیث: ۳۴۶۹۔