Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
358 - 601
وَ اِذَا رَاَ الَّذِیۡنَ ظَلَمُوا الْعَذَابَ فَلَا یُخَفَّفُ عَنْہُمْ وَلَا ہُمْ یُنۡظَرُوۡنَ ﴿۸۵﴾
ترجمۂکنزالایمان:اور ظلم کرنے والے جب عذاب دیکھیں گے اسی وقت سے نہ وہ ان پر سے ہلکا ہو نہ انہیں مہلت ملے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور ظلم کرنے والے جب عذاب دیکھیں گے تو ان سے نہ عذاب ہلکا کیا جائے گا اور نہ ہی انہیں مہلت دی جائے گی۔ 
{وَ اِذَا رَاَ الَّذِیۡنَ ظَلَمُوا الْعَذَابَ:اور ظلم کرنے والے جب عذاب دیکھیں گے۔}یعنی اے حبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ کو جھٹلانے والے اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی نبوت کا انکار کرنے والے اور وہ لوگ جو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی قوم کی روش اختیار کئے ہوئے ہیں ، جب وہ عذاب دیکھیں گے توکوئی چیز انہیں اللّٰہ تعالیٰ کے عذاب سے نجات نہ دے سکے گی کیونکہ انہیں کلام کرنے کی اجازت نہ ہو گی کہ کوئی عذر بیان کر سکیں اور ان سے عذاب ہلکاہو جائے اور نہ ہی انہیں مہلت دی جائے گی کیونکہ توبہ کا وقت ختم ہو چکا، یہاں صرف اعمال کی جزا ملے گی۔(1)
وَ اِذَا رَاَ الَّذِیۡنَ اَشْرَکُوۡا شُرَکَآءَہُمْ قَالُوۡا رَبَّنَا ہٰۤؤُلَآءِ شُرَکَآؤُنَا الَّذِیۡنَ کُنَّا نَدْعُوْ مِنۡ دُوۡنِکَ ۚ فَاَلْقَوْا اِلَیۡہِمُ الْقَوْلَ اِنَّکُمْ لَکٰذِبُوۡنَ ﴿ۚ۸۶﴾
ترجمۂکنزالایمان: اور شرک کرنے والے جب اپنے شریکوں کو دیکھیں گے کہیں گے اے ہمارے رب یہ ہیں ہمارے شریک کہ ہم تیرے سوا پوجتے تھے تو وہ ان پر بات پھینکیں گے کہ تم بیشک جھوٹے ہو۔ 
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…تفسیرطبری، النحل، تحت الآیۃ: ۸۵، ۷/۶۳۱۔