بہار شریعت حصہ 4سے’’ سجدۂ تلاوت کا بیان‘‘ مطالعہ کیجئے۔
{وَہُمْ لَایَسْتَکْبِرُوۡنَ:اور فرشتے غرور نہیں کرتے۔} اس آیت سے ثابت ہوا کہ فرشتے تمام گناہوں سے معصوم ہیں کیونکہ اللّٰہ تعالیٰ کا یہ فرمانا کہ وہ غرور نہیں کرتے ا س بات کی دلیل ہے کہ فرشتے اپنے پیدا کرنے والے اور بنانے والے کے اطاعت گزار ہیں اور وہ کسی بات اور کسی کام میں بھی اللّٰہ تعالیٰ کی نافرمانی نہیں کرتے۔ (1) مسلمانوں کا عقیدہ یہ ہے کہ صرف فرشتے او ر پیغمبر معصوم ہیں، ان کے سوا کوئی معصوم نہیں۔
یَخَافُوۡنَ رَبَّہُمۡ مِّنۡ فَوْقِہِمْ وَیَفْعَلُوۡنَ مَا یُؤْمَرُوۡنَ﴿۵۰﴾
ترجمۂکنزالایمان: اپنے اوپر اپنے رب کا خوف کرتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جو انہیں حکم ہو۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: وہ اپنے اوپر اپنے رب کا خوف کرتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جو انہیں حکم دیا جاتاہے۔
{یَخَافُوۡنَ رَبَّہُمۡ مِّنۡ فَوْقِہِمْ:وہ اپنے اوپر اپنے رب کا خوف کرتے ہیں ۔} اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ فرشتے اپنے اوپر اللّٰہ تعالیٰ کا عذاب نازل ہونے سے ڈرتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جس کا انہیں حکم دیا جاتاہے ،یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے رب عَزَّوَجَلَّکی نافرمانی نہیں کی بلکہ انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ کے ہر حکم کو پورا کیا اور ممنوعہ کاموں سے باز رہے۔ اس آیت سے ثابت ہوا کہ فرشتے مُکَلَّف ہیں ۔ (2)
وَقَالَ اللہُ لَا تَتَّخِذُوۡۤا اِلٰـہَیۡنِ اثْنَیۡنِ ۚ اِنَّمَا ہُوَ اِلٰہٌ وَّاحِدٌ ۚ فَاِیَّایَ فَارْہَبُوۡنِ ﴿۵۱﴾
ترجمۂکنزالایمان: اور اللّٰہ نے فرمایا دو خدا نہ ٹھہراؤ وہ تو ایک ہی معبود ہے تو مجھی سے ڈرو۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور اللّٰہ نے فرمادیا: دومعبودنہ ٹھہراؤ وہ تو ایک ہی معبود ہے تو مجھ ہی سے ڈرو۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…تفسیرکبیر، النحل، تحت الآیۃ: ۴۹، ۷/۲۱۷۔
2…مدارک، النحل، تحت الآیۃ: ۵۰، ص۵۹۷، صاوی، النحل، تحت الآیۃ: ۵۰، ۳/۱۰۷۱، ملتقطاً۔