ترجمۂکنزالایمان:وہ جنہوں نے صبر کیا اور اپنے رب ہی پر بھروسہ کرتے ہیں۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: وہ جنہوں نے صبر کیا اور اپنے رب ہی پر بھروسہ کرتے ہیں۔
{اَلَّذِیۡنَ صَبَرُوۡا:جنہوں نے صبر کیا ۔} یعنی عظیم ثواب کے حقدار وہ ہیں جنہوں نے اپنے اس وطن مکہ مکرمہ سے جدا ہونے پر صبر کیا حالانکہ وہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّکا حرم ہے اور ہر ایک کے دل میں اس کی محبت بسی ہوئی ہے۔ یونہی کفار کی طرف سے پہنچنے والی ایذاؤں پر اور جان ومال خرچ کرنے پر صبر کیا اور وہ اپنے ربعَزَّوَجَلَّ ہی پر بھروسہ کرتے ہیں اور اس کے دین کی وجہ سے جو پیش آئے اس پر راضی ہیں اور مخلوق سے رشتہ منقطع کرکے بالکل حق کی طرف متوجہ ہیں اور سالک کے لئے یہ انتہائے سلوک کا مقام ہے۔ (1)
مہاجرین کا توکّل:
علامہ احمد صاوی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں کہ ہجرت کرنے والے صحابۂ کرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ کا توکل بہت عظیم تھا اورا س کی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے اپنے ربعَزَّوَجَلَّ کی رضا کی خاطر اپنا مال و دولت اور گھر بار چھوڑ دیا ،وہ عزت کے بدلے لوگوں کی نظروں میں پائی جانے والی حقارت پر اور مالداری کے بدلے فقر و فاقہ پر راضی ہو گئے تو اللّٰہ تعالیٰ نے لوگوں کی نظروں میں پائی جانے والی ان کی اس حقارت کو عزت میں اور فقر کو مالداری میں تبدیل فرما کر انہیں جزا دی اوروہ دنیا و آخرت میں تمام لوگوں کے سردار ہو گئے۔ امام بوصیری رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ (قصیدہ بردہ شریف میں)فرماتے ہیں: ’’حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکے نقیبوں اور حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکے حواریوں میں کوئی بھی ایسانہیں جو فضیلت میں صحابۂ کرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْکی طرح ہو۔ (3)
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنۡ قَبْلِکَ اِلَّا رِجَالًا نُّوۡحِیۡۤ اِلَیۡہِمْ فَسْـَٔلُوۡۤا اَہۡلَ الذِّکْرِ اِنۡ کُنۡتُمْ لَا تَعْلَمُوۡنَ ﴿ۙ۴۳﴾
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…تفسیرکبیر، النحل، تحت الآیۃ: ۴۲، ۷/۲۱۰، روح البیان، النحل، تحت الآیۃ: ۴۲، ۵/۳۶، ملتقطاً۔
2…صاوی، النحل، تحت الآیۃ: ۴۲، ۳/۱۰۶۹۔