Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
289 - 601
ترجمۂکنزُالعِرفان:تو کیا جو پیدا کرنے والا ہے وہ اس جیسا ہے جو کچھ بھی نہیں بناسکتا؟ تو کیا تم نصیحت نہیں مانتے؟
{اَفَمَنۡ یَّخْلُقُ:تو کیا جو پیداکرنے والا ہے۔} اس سے پہلی آیات میں اللّٰہ تعالیٰ نے اپنی قدرت اور صنعت کے عجائبات اور انوکھی مخلوقات کا ذکر فرمایا، یہ سب چیزیں اللّٰہ تعالیٰ کی قدرت کے کمال اور اس کی وحدانیت پر اور تمام مخلوقات کو پیدا کرنے میں اس کے یکتا ہونے پر دلالت کرتی ہیں جبکہ اس آیت میں اللّٰہ تعالیٰ نے ان لوگوں سے کلام فرمایا جو اللّٰہ تعالیٰ کی عبادت چھوڑ کر عاجز اور ناکارہ بتوں کی عبادت میں مشغول ہیں۔ آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ جو اپنی قدرت اور حکمت سے اِن تمام چیزوں کو پیدا کرنے والا ہے ، کیاوہ ان بتوں جیسا ہے جو اپنے  عاجز و بے قدرت ہونے کی وجہ سے کچھ بھی نہیں بناسکتے؟ جب اللّٰہ تعالیٰ ان جیساہے ہی نہیں توعقلمند کو کب سزاوار ہے کہ ایسے خالق و مالک کی عبادت چھوڑ کر عاجز و بے اختیار بتوں کی پرستش کرے یا انہیں عبادت میں اس کا شریک ٹھہرائے؟ (1)
وَ اِنۡ تَعُدُّوۡا نِعْمَۃَ اللہِ لَا تُحْصُوۡہَا ؕ اِنَّ اللہَ لَغَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ ﴿۱۸﴾
ترجمۂکنزالایمان: اور اگر اللّٰہ کی نعمتیں گنو تو انہیں شمار نہ کرسکو گے بیشک اللّٰہ بخشنے والا مہربان ہے۔ 
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور اگر تم اللّٰہ کی نعمتیں گنو تو انہیں شمار نہیں کرسکو گے، بیشک اللّٰہ بخشنے والا مہربان ہے۔ 
{وَ اِنۡ تَعُدُّوۡا نِعْمَۃَ اللہِ:اور اگر تم اللّٰہ کی نعمتیں گنو۔} یعنی اوپر بیان کردہ نعمتیں اور ان کے علاوہ بندے کی تخلیق میں اللّٰہ تعالیٰ کی جتنی نعمتیں ہیں جیسے تندرست بدن، آفات سے محفوظ جسم، صحیح آنکھیں، عقلِ سلیم، ایسی سماعت جوچیزوں کو سمجھنے میں مددگار ہے، ہاتھوں کا پکڑنا، پاؤں کا چلنا وغیرہ اور جتنی نعمتیں بندے پر فرمائی ہیں، جیسے بندے کی دینی اور دنیوی ضروریات کی تکمیل کے لئے پیدا کی گئیں تمام چیزیں، یہ اتنی کثیر ہیں کہ ان کا شمار ممکن ہی نہیں حتّٰی کہ اگر کوئی اللّٰہ تعالیٰ کی چھوٹی سی نعمت کی معرفت حاصل کرنے کی کوشش کرے تو وہ حاصل نہ کر سکے گا تو ان نعمتوں کاکیا کہنا جنہیں تمام مخلوق مل کر بھی شمار نہیں کر سکتی، اسی لئے اللّٰہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا اگر تم اللّٰہ تعالیٰ کی نعمتوں کو شمار کرنے کی کوشش کرو اور ا س کام میں اپنی زندگیاں صَرف کر دو تو بھی اس پر قادر نہیں ہو سکتے۔ (2)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…خازن، النحل، تحت الآیۃ: ۱۷، ۳/۱۱۷، جلالین، النحل، تحت الآیۃ: ۱۷، ص۲۱۷، ملتقطاً۔
2…خازن، النحل، تحت الآیۃ: ۱۸، ۳/۱۱۷۔