Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
273 - 601
(2) …مروی ہے کہ (جب ) حضرت ہَرِم بن حَیَّان رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ (کی وفات کا وقت قریب آیا توان)سے لوگوں نے عرض کی: آپ کوئی وصیت فرما دیجئے۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُنے فرمایا: میں تمہیں سورۂ نحل کی اس آیت’’اُدْعُ اِلٰی سَبِیۡلِ رَبِّکَ بِالْحِکْمَۃِ‘‘ سے لے کر سورت کے آخر تک (بیان کی گئی باتوں) کی وصیت کرتا ہوں۔ (1)
سورۂ نحل کے مضامین:
	ا س سورت ِ مبارکہ کی بہت پیاری خصوصیت یہ ہے اس میں بڑی کثرت کے ساتھ اللّٰہ تعالیٰ کی عظمت، قدرت، حکمت اور وحدانیت پر دلائل دئیے گئے ہیں۔ اگر کثرت سے اس سورت کو سمجھ کر پڑھا جائے تو دل میں اللّٰہ تعالیٰ کی محبت اور عظمت کا اضافہ ہوتا ہے۔ نیز اس سورت میں اللّٰہ تعالیٰ کی نعمتوں کا بیان بہت کثرت کے ساتھ ہے ، اگر ان نعمتوں کے بارے میں بار بار غور کریں تو دل میں شکر ِ الٰہی کا جذبہ بیدار ہوگا اور محبت ِ الٰہی میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ ا س سورت میں یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں۔
(1) …جانوروں سے حاصل ہونے والے فوائد بیان کئے گئے۔
(2) …جنہوں نے دنیا میں نیک کام کئے انہی کے لئے آخرت کی بھلائی ہے۔
(3) … فرشتے کفار کی جان کس طرح نکالتے ہیں اور متقی مسلمانوں کی جان کس طرح نکالتے ہیں۔
(4) … نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور صحابۂ کرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم کو اَذِیَّت دینے والے کفارِ مکہ کو اللّٰہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈرایا گیا۔
(5) …بیٹی کی ولادت پر کفار کا طرزِ عمل بیان کیا گیا۔
(6) …حشر کے میدان میں کفار کی بری حالت ذکر کی گئی ۔
(7) …عہد پورا کرنے اور قسمیں نہ توڑنے کا حکم دیا گیا۔
(8)…قرآنِ پاک کے بارے میں کفار کے شبہات کا رد کیا گیا۔
(9)…حالت ِاِکراہ میں کلمۂ کفر کہنے والے کا حکم بیان کیا گیا۔
(10) …اپنی طرف سے چیزوں کو حلال یا حرام کہہ کر اس کی نسبت اللّٰہ تعالیٰ کی طرف کرنے کی ممانعت فرمائی گئی۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…دارمی، کتاب الوصایا، باب فضل الوصیۃ، ۲/۴۹۶، روایت نمبر: ۳۱۷۹۔