Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
245 - 601
ترجمۂکنزالایمان: تو جب لوط کے گھر فرشتے آئے۔  کہا تم تو کچھ بیگانہ لوگ ہو ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: تو جب لوط کے گھروالوں کے پاس فرشتے آئے ۔ تو لوط نے فرمایا: تم اجنبی لوگ ہو۔ 
{فَلَمَّا جَآءَ:تو جب فرشتے آئے ۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جب فرشتوں نے حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو بیٹے کی بشارت دی اور اپنے آنے کا مقصد بیان کر دیا تو وہ حضرت لوط عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کی قوم کی طرف آئے ۔ جب وہ خوبصورت نوجوانوں کی شکل میں حضرت لوط عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے گھر آئے اور حضرت لوط عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اندیشہ ہوا کہ قوم اُن کے پیچھے پڑ جائے گی تو آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامنے فرشتوں سے فرمایا ’’تم نہ تو یہاں کے باشندے ہو اورنہ مسافرت کی کوئی علامت تم میں پائی جاتی ہے،تم کیوں آئے ہو ؟ (1)
قَالُوۡا بَلْ جِئْنٰکَ بِمَا کَانُوۡا فِیۡہِ یَمْتَرُوۡنَ ﴿۶۳﴾ وَ اَتَیۡنٰکَ بَالْحَقِّ وَ اِنَّا لَصٰدِقُوۡنَ ﴿۶۴﴾
ترجمۂکنزالایمان: کہا بلکہ ہم تو آپ کے پاس وہ لائے ہیں جس میں یہ لوگ شک کرتے تھے۔ اور ہم آپ کے پاس سچا حکم لائے ہیں اور ہم بیشک سچے ہیں۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: انہوں نے کہا: بلکہ ہم تو آپ کے پاس وہ (عذاب)لائے ہیں جس میں یہ لوگ شک کرتے تھے۔ اور ہم آپ کے پاس حق کے ساتھ آئے ہیں اور ہم بیشک سچے ہیں۔
{قَالُوۡا:انہوں نے کہا۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے آپ کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے اور ہم ان کافروں کو کچھ نہیں کہیں گے بلکہ ہم تو آپ کے پاس وہ چیز لائے ہیں جو انہیں تباہ و برباد کردے گی۔ لہٰذا آپ پریشان نہ ہوں کیونکہ ہم آپ کے مددگار ہیں، آپ کیلئے باعث ِ پریشانی نہیں۔ 
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…خازن، الحجر، تحت الآیۃ: ۶۱-۶۲، ۳/۱۰۵، مدارک، الحجر، تحت الآیۃ: ۶۱-۶۲، ص۵۸۴، ملتقطاً۔