Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
199 - 601
سورۂ حِجْر 
سورۂ حِجْر کاتعارف
مقامِ نزول:
	سورۂ حِجْر مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے۔ (1)
آیات،کلمات اورحروف کی تعداد:
	 اس سورت میں چھ 6رکوع، 99 آیتیں ،654 کلمے اور2760 حروف ہیں ۔ (2)
’’حِجْر ‘‘نام رکھنے کی وجہ :
	حِجْر، مدینہ منورہ اور شام کے درمیان ایک وادی کا نام ہے، اور اِ س سورت کی آیت نمبر 80 تا 84 میں اُس وادی میں رہنے والی قومِ ثمود کا واقعہ بیان کیا گیاہے، ا س مناسبت سے اس کا نام ’’ سورۂ حِجْر‘‘ رکھا گیا۔
حِجْر کے بارے میں اَحادیث:
(1) …حضرت عبداللّٰہ بن عمررَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں :نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰیعَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے حِجْر والوں کے بارے میں ارشاد فرمایا’’تم اس(عذاب یافتہ) قوم کے پاس سے روتے ہوئے گزرو اور اگر تم رو نہیں سکتے تو ان کے پاس سے نہ گزرو تاکہ کہیں ایسا نہ ہو کہ تم پر بھی وہی عذاب آ جائے جو ان پر نازل ہواتھا۔ (3)
(1) … حضرت عبداللّٰہ بن عمررَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں جب رسول کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ حِجْر کے مقام سے گزرے تو ارشاد فرمایا ’’ تم (کفر کر کے اپنی جانوں پر) ظلم کرنے والوں کے گھروں میں روتے ہوئے داخل ہونا تا  کہ تم پر بھی وہی عذاب نہ آ جائے جو ان پر نازل ہوا تھا۔ پھر حضور اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے اپنی چادر سے سر اور چہرے کو ڈھانپ لیا اور اس وقت آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اپنی سواری پر تھے۔ (4) 
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…خازن، تفسیر سورۃ الحجر، ۳/۹۳۔
2…خازن، تفسیر سورۃ الحجر، ۳/۹۳۔
3…بخاری، کتاب التفسیر، سورۃ حجر، باب ولقد کذّب اصحاب الحجر المرسلین، ۳/۲۵۵، الحدیث: ۴۷۰۲۔
4…بخاری، کتاب احادیث الانبیائ، باب قول اللّٰہ تعالی: والی ثمود اخاہم صالحاً، ۲/۴۳۲، الحدیث: ۳۳۸۰۔