Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
158 - 601
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور انہوں نے فیصلہ طلب کیا اور ہر سرکش ہٹ دھرم نا کام ہوگیا۔  جہنم اس کے پیچھے ہے اور اسے پیپ کا پانی پلایا جائے گا۔ بڑی مشکل سے اس کے تھوڑے تھوڑے گھونٹ لے گا اور ایسا لگے گا نہیں کہ اسے گلے سے اتار لے اور اسے ہر طرف سے موت آئے گی اور وہ مرے گا نہیں اور اس کے پیچھے ایک اور سخت عذاب ہوگا۔
{وَاسْتَفْتَحُوۡا:اور انہوں نے فیصلہ طلب کیا۔} اس آیت کا ایک معنی یہ ہے کہ جب انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اپنی قوموں کے ایمان قبول کر لینے کی امید نہ رہی تو انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ سے اپنی قوموں کے خلاف مدد طلب کی اور اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے ان پر عذاب نازل کر دینے کی دعا کی ۔ دوسرا معنی یہ ہے کافروں نے یہ گمان رکھتے ہوئے اپنے اور رسولوں عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے درمیان اللّٰہ تعالیٰ سے فیصلہ طلب کیا کہ وہ حق پر ہیں اور انبیائِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام حق پر نہیں۔ (1) 
{وَخَابَ کُلُّ جَبَّارٍ عَنِیۡدٍ:اور ہر سرکش ہٹ دھرم نا کام ہوگیا۔} اس آیت کا معنی یہ ہے کہ انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی مدد فرمائی گئی اور انہیں فتح دی گئی اور حق کے مخالف سرکش کا فر نامراد ہوئے اور ان کی خلاصی کی کوئی صورت نہ رہی۔ (2) 
{یَّتَجَرَّعُہٗ:بڑی مشکل سے تھوڑے تھوڑے گھونٹ لے گا۔} یعنی جب حق کے مخالف سرکش کافر کو پیپ کا پانی پلایا جائے گا تو وہ ا س کی کڑواہٹ کی وجہ سے بڑی مشکل سے تھوڑے تھوڑے گھونٹ لے گا اور ا س کی قباحت و کراہت کی بنا پر ایسا لگے گا نہیں کہ وہ اسے گلے سے اتار لے اور مختلف عذابات کی صورت میں ہر طرف سے موت کے اسباب اس کے پاس آئیں گے لیکن وہ مرے گا نہیں کہ مر کر ہی راحت پا لے اور اسی ہر عذاب کے بعد اس سے زیادہ شدید اور سخت عذاب ہوگا۔ (3) 
جہنمیوں کے مشروب کی کیفیت:
	اس آیت میں جہنمیوں کے جس مشروب کا ذکر ہوا اس کی کیفیت ملاحظہ ہو، چنانچہ حضرت ابو امامہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا ’’ جہنمی کو پیپ کا پانی پلایا جائے گا، جب وہ پانی منہ کے قریب آئے گا تو وہ اس کو بہت ناگوار معلوم ہوگا اور جب اور قریب ہو گاتو اس سے چہرہ بُھن جائے گا اور سر تک کی کھال جل کر گر پڑ ے گی، جب وہ پانی پئے گا تو اس کی آنتیں کٹ کر نکل جائیں گی۔ اللّٰہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے 
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…خازن، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۱۵، ۳/۷۸، مدارک، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۱۵، ص۵۶۶، ملتقطاً۔
2…ابوسعود، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۱۵، ۳/۱۸۴۔
3…جلالین مع صاوی، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۱۷، ۳/۱۰۱۸، مدارک، ابراہیم، تحت الآیۃ: ۱۷، ص۵۶۶، ملتقطاً۔