Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
82 - 881
ترجمۂکنزالایمان: اگر وہ نکالے گئے تو یہ اُن کے ساتھ نہ نکلیں  گے اور ان سے لڑائی ہوئی تو یہ ان کی مدد نہ کریں  گے اور اگر ان کی مدد کی بھی تو ضرور پیٹھ پھیر کر بھاگیں  گے پھر مدد نہ پائیں  گے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: قسم ہے اگر وہ نکالے گئے تو یہ ان کے ساتھ نہ نکلیں  گے اور قسم ہے اگراُن سے لڑائی کی گئی تو یہ ان کی مدد نہ کریں  گے اور قسم ہے اگر یہ ان کی مدد کریں  گے تو ضرور پیٹھ پھیر کر بھاگیں  گے پھر ان کی مدد نہ کی جائے گی ۔ 
{لَىٕنْ اُخْرِجُوْا لَا یَخْرُجُوْنَ مَعَهُمْ: قسم ہے اگر وہ نکالے گئے تو یہ ان کے ساتھ نہ نکلیں  گے۔} اس آیت میں  منافقین کے حال کی خبر دیتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا کہ اگر وہ یہودی مدینے سے نکالے گئے تو یہ منافق ان کے ساتھ نہ نکلیں  گے اور اگران یہودیوں سے لڑائی کی گئی تو یہ منافق ان کی مدد نہ کریں  گے، چنانچہ ایسا ہی ہوا کہ یہودیوں  کو مدینہ منورہ سے نکال دیاگیا اور منافقین ان کے ساتھ نہ نکلے اور یہودیوں  سے لڑائی ہوئی لیکن منافقوں  نے یہود یوں کی مدد نہ کی۔ مزید ارشاد فرمایا کہ اگر بالفرض منافق یہودیوں  کی مدد کریں  گے تو ضرور پیٹھ پھیر کر بھاگ جائیں گے پھر جب یہ مدد گار بھاگ نکلیں  گے تو منافقوں کی مدد نہ کی جائے گی ،اللّٰہ تعالیٰ انہیں  ہلاک فرما دے گا اور ان کا کفر ظاہر ہونے کے بعد ان کا نفاق انہیں  نفع نہ دے گا۔( خازن، الحشر، تحت الآیۃ: ۱۲، ۴/۲۵۰، مدارک، الحشر، تحت الآیۃ: ۱۲، ص۱۲۲۶، ملتقطاً)
لَاَنْتُمْ اَشَدُّ رَهْبَةً فِیْ صُدُوْرِهِمْ مِّنَ اللّٰهِؕ-ذٰلِكَ بِاَنَّهُمْ قَوْمٌ لَّا یَفْقَهُوْنَ(۱۳)
ترجمۂکنزالایمان: بے شک اُن کے دلوں  میں  اللّٰہ سے زیادہ تمہارا ڈر ہے یہ اس لیے کہ وہ ناسمجھ لوگ ہیں ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: بیشک ان کے دلوں  میں  اللّٰہ سے زیادہ تمہارا ڈر ہے یہ اس لیے کہ وہ ناسمجھ لوگ ہیں ۔