غلام آزاد کرنے یا آزادی میں ا س کی مدد کرنے کے فضائلـ:
غلام آزاد کرنے یا آزادی میں ا س کی مدد کرنے کی بہت فضیلت ہے،چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،حضورِ اَقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’جس نے کسی مسلمان غلام کو آزاد کر دیا تو اللّٰہ تعالیٰ اس غلام کے ہر عضْوْ کے بدلے غلام آزاد کرنے والے کا عضْوْ جہنم سے آزاد کر دے گا۔( بخاری، کتاب العتق، باب فی العتق وفضلہ، ۲/۱۵۰، الحدیث: ۲۵۱۷)
اورحضرت معاذ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضور پُرنور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشادفرمایا: ’’اے معاذ! کوئی چیز اللّٰہ تعالیٰ نے غلام آزاد کرنے سے زیادہ پسند یدہ روئے زمین پر پیدا نہیں کی۔( دارقطنی، کتاب الطلاق والخلع والایلاء وغیرہ، ۴/۴۰، الحدیث: ۳۹۳۹)
اورحضرت سمرہ بن جندب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضورِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’افضل صدقہ یہ ہے کہ گردن چھڑانے میں سفارش کی جائے۔( شعب الایمان، الثالث والخمسون من شعب الایمان... الخ، ۶/۱۲۴، الحدیث: ۷۶۸۳)
بھوکے مسلمان کو کھانا کھلانے کے فضائل:
بھوکے مسلمان کو کھانا کھلانے کی بہت فضیلت ہے،چنانچہ حضرت ابوسعید خدری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، کہ رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’ جو مسلمان کسی بھوکے مسلمان کو کھانا کھلائے، اللّٰہ تعالیٰ اُسے جنت کے پھل کھلائے گا اور جو مسلمان کسی پیاسے مسلمان کوپانی پلائے گا، اللّٰہ تعالیٰ اُسے رحیقِ مختوم (یعنی جنت کی سر بند شراب) پلائے گا۔( ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ والرقائق والورع، ۱۸-باب، ۴/۲۰۴، الحدیث: ۲۴۵۷)
اورحضرت جابر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’مغفرت لازم کر دینے والی چیزوں میں سے بھوکے مسلمان کو کھانا کھلانا ہے۔( مستدرک، کتاب التفسیر، تفسیر سورۃ البلد، اطعام المسلم السغبان... الخ، ۳/۳۷۲، الحدیث: ۳۹۹۰)
یتیم کی کفالت ا ور اس کے ساتھ احسان کرنے کے فضائل:
یتیم کی کفالت کرنے ، ا س کے ساتھ احسان کرنے اور اسے کھانا کھلانے کی بہت فضیلت ہے ،چنانچہ حضرت