Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
600 - 881
ترجمۂکنزالایمان: اور اس دن کی جس کا وعدہ ہے۔اور اس دن کی جو گواہ ہے اور اس دن کی جس میں  حاضر ہوتے ہیں ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور اس دن کی جس کا وعدہ ہے۔اور گواہ دن کی اور اس دن کی جس میں  (لوگ) حاضر ہوتے ہیں ۔
{وَ الْیَوْمِ الْمَوْعُوْدِ: اور اس دن کی جس کا وعدہ ہے۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت میں  جن دِنوں  کی قسم ارشاد فرمائی گئی ،اس کے بارے میں  حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’وعدے کے دن سے قیامت کا دن،حاضر ہونے کے دن سے عرفہ کا دن اور گواہ دن سے جمعہ کا دن مراد ہے۔( ترمذی، کتاب التفسیر، باب ومن سورۃ البروج، ۵/۲۲۲، الحدیث: ۳۳۵۰)
	چنانچہ اس آیت اور ا س کے بعد والی آیت کاخلاصہ یہ ہے کہ اور قیامت کے اس دن کی قسم !جس میں  تمام زمین اور آسمان والوں  کو جمع کرنے کا وعدہ ہے اورجمعہ کے اس دن کی قسم !جو کہ بندوں  کے اعمال کا گواہ ہے اورعرفہ کے اس دن کی قسم! جس میں  آدمی اور فرشتے حاضر ہوتے ہیں ۔( قرطبی، البروج،تحت الآیۃ:۲-۳،۱۰/۲۰۰،الجزء التاسع عشر، جلالین، البروج،تحت الآیۃ:۲-۳،ص۴۹۵، ملتقطاً)
{وَ شَاهِدٍ وَّ مَشْهُوْدٍ: اور گواہ دن کی اور اس دن کی جس میں  (لوگ) حاضر ہوتے ہیں ۔} جیساکہ اوپر بیان ہوا کہ یہاں  گواہ دن سے مراد جمعہ کا دن اور جس دن میں  لوگ اور فرشتے حاضر ہوتے ہیں  اس سے عرفہ کا دن مراد ہے ،اسی مناسبت سے ہم یہاں  جمعہ اور عرفہ کے دن کے چند فضائل بیان کرتے ہیں ۔
جمعہ اور عرفہ کے دن کے6 فضائل:
(1)…حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’بہتر دن کہ جس پر سورج طلوع ہوا، جمعہ کا دن ہے، اسی دن میں  حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام پیدا کیے گئے اور اسی دن جنت میں  داخل کیے گئے اور اسی دن جنت سے اترنے کا انہیں  حکم ہوا اور قیامت جمعہ ہی کے دن قائم ہوگی۔( مسلم، کتاب الجمعۃ، باب فضل یوم الجمعۃ، ص۴۲۵، الحدیث: ۱۸(۸۵۴))
(2)…حضرت ابو لبابہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’جمعہ کا دن تمام دنوں  کا سردار ہے اور اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بڑا ہے اور وہ دن اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک عیدالاضحی اورعید الفطر