Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
568 - 881
کچھ کام نہ آئے گا ۔اس دن کوئی جان کسی (کافر) جان کے لئے (نفع پہنچانے کا) کچھ اختیار نہ رکھے گی۔اس دن ان (کفار) کو جہنم کی طرف دھکا دے کر دھکیلا جائے گا ۔اس دن وہ (کفار) آگ میں  اپنے چہروں کے بل گھسیٹے جائیں  گے۔ اس دن ان (کفار) کے چہرے آگ میں  باربارالٹے جائیں  گے۔اس دن کوئی باپ اپنی اولاد کے کام نہ آسکے۔ اس دن آدمی اپنے بھائی، ماں  اور باپ سے بھاگتا پھرے گا۔اس دن لوگ (دہشت غالب ہونے کی وجہ سے) بات نہیں  کرسکیں  گے اور نہ انہیں  اس بات کی اجازت دی جائے گی کہ وہ کوئی عذر پیش کریں ۔یہ وہ دن ہے جو اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے ٹلنے والا نہیں ۔اس دن لوگ بالکل ظاہر ہوجائیں  گے۔اس دن وہ آگ پر تپائے جائیں  گے۔اس دن نہ مال کام آئے گا اورنہ بیٹے کام آئیں  گے۔اس دن ظالموں  کو ان کے بہانے کچھ کام نہ دیں  گے اور ان کے لیے لعنت ہے اور ان کے لیے برا گھر ہے۔اس دن تمام عذر رد کر دئیے جائیں  گے اورچھپی باتوں  کو جانچا جائے گا۔اس دن پوشیدہ باتیں  ظاہر ہوں  گی اور پردے اٹھ جائیں  گے۔اس دن آنکھیں  جھکی ہوئی ہوں  گی اور آوازیں  بند ہوں  گی۔ اس دن (دائیں  بائیں ) توجہ کم ہوگی، پوشیدہ باتیں  ظاہر ہوں  گی اور گناہ بھی سامنے آجائیں  گے۔اس دن لوگوں  کو ان کے گواہوں  سمیت (اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  پیشی کے لئے) چلایاجائے گا۔اس دن بچے جوان ہوجائیں  گے اور بڑے نشے میں  ہوں  گے ۔ اس دن (اعمال کا وزن کرنے کے لئے) ترازو رکھے جائیں  گے ، اعمال نامے کھولے جائیں  گے ،جہنم ظاہر کر دی جائے گی،کَھولتا ہواپانی جوش مارے گا،جہنم سانس لے گی،کفار مایوس ہو جائیں  گے ،جہنم کوبھڑکایا جائے گا، رنگ بدل جائیں  گے، زبان گونگی ہوجائے گی اور انسان کے اعضاء گفتگو کریں  گے۔تو اے انسان! تجھے اپنے کریم رب عَزَّوَجَلَّ کے بارے میں  کس چیز نے دھوکے میں  ڈال رکھا ہے کہ تو دروازے بند کرکے،پردے لٹکاکر اور لوگوں  سے چھپ کر فسق و فجور اور گناہوں  میں  مبتلا ہوگیا! (تو لوگوں  کے خبردار ہونے سے ڈرتا ہے حالانکہ تجھے پیدا کرنے والے سے تیرا کوئی حال چھپا ہوا نہیں ،) جب تیرے اعضا تیرے خلاف گواہی دیں  گے (اور جو کچھ تو لوگوں  سے چھپ کر کرتا رہا وہ سب ظاہر کر دیں  گے) تو اس وقت تو کیا کرے گا۔( احیاء علوم الدین، کتاب ذکر الموت ومابعدہ، صفۃ یوم القیامۃودواہیہ واسامیہ، ۵/۲۷۶)
	اللّٰہ تعالیٰ ہمیں دنیا اور شیطان کے دھوکے سے محفوظ فرمائے اور اپنی آخرت کے بارے میں  سچی فکر اور قیامت کے دن کا حقیقی حوف نصیب کرے،اٰمین۔