Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
489 - 881
سورۂ مُرْسَلات
سورۂ مرسلات کا تعارُف
مقامِ نزول:
	 سورئہ مُرسَلات مکہ مکرمہ میں  نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ المرسلات، ۴/۳۴۳)
رکوع اور آیات کی تعداد:
	 اس سورت میں  2 رکوع ،50 آیتیں  ہیں ۔
’’ مرسلات ‘‘نام رکھنے کی وجہ :
	جنہیں  لگاتار بھیجا جائے انہیں  عربی میں  مُرسَلات کہتے ہیں  جیسے ہوائیں ،فرشتے اور گھوڑے وغیرہ،اور اس سورت کی پہلی آیت میں  مذکور لفظ ’’وَ الْمُرْسَلٰتِ‘‘ کی مناسبت سے اسے ’’سورۂ مرسلات‘‘ کہتے ہیں ۔
سورۂ مرسلات سے متعلق اَحادیث :
(1)… حضرت عبداللّٰہ بن مسعود رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  فرما تے ہیں  کہ ہم سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ساتھ ایک غار میں  تھے،اس وقت آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر سُوْرَۂ وَالْمُرْسَلَات  نازل ہوئی، ہم نے حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے منہ سے (سن کر) اس سورت کو یاد کیا اور حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا دہنِ اقدس اس سورت کی تلاوت سے تر تھا کہ اچانک ایک سانپ نکل آیا ،نبی ٔکریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’اس سانپ کومار دو۔ہم اس کو مارنے کیلئے لپکے تو وہ بھاگ گیا ۔حضورِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’وہ تمہارے شر سے بچایا گیا جس طرح تمہیں  اس کے شر سے بچایا گیا۔( بخاری، کتاب التفسیر، سورۃ والمرسلات، ۳/۳۷۰، الحدیث: ۴۹۳۱)
	علامہ سلیمان جمل رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ  فرماتے ہیں :یہ غار مِنیٰ میں  غارِ وَالْمُرْسَلَات کے نام سے مشہور ہے۔ (جمل، سورۃ المرسلات، ۸/۲۰۰)