Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
381 - 881
(3)…جِنّات بھی اللّٰہ تعالیٰ کی مخلوق ہیں  اور ان میں  بھی انسانوں  کی طرح متعدد فرقے ہیں  اور ان میں  مسلمان اور کافر، نیک اور بد ہر طرح کے جِنّات ہیں ۔
(4)…مسلمانوں  کو وسیع رزق دئیے جانے کی حکمت بیان کی گئی اور یہ فرمایا گیا کہ جو اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی یاد سے منہ پھیرے تووہ اسے چڑھ جانے والے عذاب میں  ڈال دے گا۔
(5)…مسجدیں  صرف اللّٰہ تعالیٰ کی عبادت کے لئے بنائی گئی ہیں  لہٰذاان میں  صرف اسی کی عبادت کی جائے۔
(6)…اس سورت کے آخر میں  یہ بتایاگیا کہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے پسندیدہ رسولوں  کو غیب کا علم عطا کرتا ہے اور اللّٰہ تعالیٰ اپنے رسولوں  کی طرف جو وحی نازل فرماتا ہے فرشتے اس کی حفاظت کرتے ہیں  ۔
جِنّات اور فرشتوں  کے بارے میں  عقائد:
	 اس سورت میں  چونکہ جِنّات  کاذکرہے،اس مناسبت سے یہاں  ہم جِنّات  کے بارے میں  مسلمانوں  کے چند عقائد ذکر کرتے ہیں ۔
(1)…جِنّات آگ سے پیدا کیے گئے ہیں ۔ اِن میں  بھی بعض کو یہ طاقت دی گئی ہے کہ جو شکل چاہیں  بن جائیں  ، اِن کی عمریں  بہت طویل ہوتی ہیں  ، اِن کے شریروں  کو شیطان کہتے ہیں ، یہ سب انسان کی طرح عقل والے اور اَرواح واَجسام والے ہیں ، اِن میں  اولاد پیدا ہونا اور نسل چلنا ہوتا ہے ،یہ کھاتے، پیتے، جیتے اور مرتے ہیں ۔
(2)…جِنّات  میں  مسلمان بھی ہیں اور کافر بھی، مگر کافر جنّات  انسان کی بہ نسبت بہت زیادہ ہیں  ، اور اِن میں  کے مسلمان نیک بھی ہیں  اور فاسق بھی، سُنّی بھی ہیں ، بد مذہب بھی، اور اِن میں  فاسقوں  کی تعداد انسان کی بہ نسبت زیادہ ہے۔
(3)…اِن کے وجود کا انکار کرنایا بدی کی قوت کا نا م جن یا شیطان رکھنا کفر ہے۔( بہار شریعت، حصہ اول، جن کا بیان، ۱/۹۶-۹۷، ملخصاً)
	نیز جس طرح جِنّات انسان کی نظروں  سے پوشیدہ ہیں  اسی طرح فرشتے بھی انسان کی نگاہوں  سے اوجھل ہیں ، اس لئے یہاں  فرشتوں  سے متعلق بھی مسلمانوں  کے چند عقائد ملاحظہ ہوں :
(1)…فرشتے نوری اَجسام ہیں ، اللّٰہ تعالیٰ نے اُن کو یہ طاقت دی ہے کہ جو شکل چاہیں  بن جائیں ، کبھی وہ انسان کی شکل میں  ظاہر ہوتے ہیں  اور کبھی دوسری شکل میں  بھی ظاہر ہوتے ہیں ۔