Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
380 - 881
سورۂ جِن
سورۂ جن کا تعارُف
مقامِ نزول:
	 سورئہ جن مکہ مکرمہ میں  نازل ہوئی ہے۔( جلالین، سورۃ الجن، ص۴۷۵)
رکوع اور آیات کی تعداد:
	 اس سورت میں  2رکوع، 28آیتیں  ہیں ۔
’’جن ‘‘نام رکھنے کی وجہ :
	اس سورت میں  چونکہ جِنّات کے اَحوال اور ان کے اَقوال ذکر کئے گئے ہیں  اس مناسبت سے اس کا نام ’’سورۂ جن‘‘ رکھا گیا۔
سورۂ جن کے مضامین:
	اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں  جِنّات سے متعلق حقائق کی خبر دی گئی ہے اور اس میں  یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں :
(1)…اس سورت کی ابتداء میں  بیان فرمایا گیا کہ حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی زبانِ اقدس سے قرآنِ مجید کی تلاوت سن کر جِنّات کا ایک گروہ ان پر ایمان لے آیا اور ا س نے اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیَّت کاا قرار کیا اور یہ اعلان کیا کہ اللّٰہ  تعالیٰ بیوی اور اولاد سے پاک ہے۔
(2)…جِنّات کا انسانوں  کے متعلق گمان اور ان کے ساتھ تعلق بیان کیاگیا اور یہ بتایاگیا کہ جِنّات فرشتوں  کی باتیں  چوری چُھپے سننے کے لئے آسمانوں  کی طرف جاتے تھے اورسیّد المرسَلین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی تشریف آوری کے بعد آسمانوں  پر پہرے بٹھا دئیے گئے ۔