Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
228 - 881
ضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا لِّلَّذِیْنَ كَفَرُوا امْرَاَتَ نُوْحٍ وَّ امْرَاَتَ لُوْطٍؕ-كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَیْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَیْنِ فَخَانَتٰهُمَا فَلَمْ یُغْنِیَا عَنْهُمَا مِنَ اللّٰهِ شَیْــٴًـا وَّ قِیْلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدّٰخِلِیْنَ(۱۰)
ترجمۂکنزالایمان: اللّٰہ کافروں  کی مثال دیتا ہے نوح کی عورت اور لوط کی عورت وہ ہمارے بندوں  میں  دو سزا وارِ قرب بندوں  کے نکاح میں  تھیں  پھر انہوں  نے ان سے دغا کی تو وہ اللّٰہ کے سامنے انہیں  کچھ کام نہ آئے اور فرما دیا گیا کہ تم دونوں  عورتیں  جہنم میں  جاؤ جانے والوں  کے ساتھ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اللّٰہ نے کافروں  کیلئے نوح کی بیوی اور لوط کی بیوی کو مثال بنادیا، وہ دونوں  ہمارے بندوں  میں  سے دو صالح بندوں  کے نکاح میں  تھیں  پھر ان دونوں  عورتوں  نے ان سے خیانت کی تو وہ (صالح بندے) اللّٰہ کے سامنے انہیں  کچھ کام نہ آئے اور فرما دیا گیا کہ جانے والوں  کے ساتھ تم بھی جہنم میں  جاؤ۔
{ضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا لِّلَّذِیْنَ كَفَرُوا امْرَاَتَ نُوْحٍ وَّ امْرَاَتَ لُوْطٍ: اللّٰہ نے کافروں  کیلئے نوح کی بیوی اور لوط کی بیوی کو مثال بنادیا۔} اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے حضرت نوح عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی بیوی اور حضرت لوط عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی بیوی کومثال بنادیا کہ یہ دونوں  عورتیں  ہمارے قرب کے لائق دو بندوں  کے نکاح میں  تھیں ، پھر انہوں  نے کفر اختیار کر کے دین کے معاملے میں  ان سے خیانت کی تو وہ دومُقَرَّب بندے اللّٰہ تعالیٰ کے سامنے انہیں  کچھ کام نہ آئے اور ان عورتوں سے موت کے وقت فرمادیا گیایا قیامت کے دن فرما یاجائے گا کہ تم دونوں  عورتیں  اپنی قوموں  کے کفار کے ساتھ جہنم میں  جاؤ کیونکہ تمہارے اور ان انبیاء ِکرام عَلَیْہِ مُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے درمیان تمہارے کفر کی وجہ سے کوئی تعلق باقی نہ رہا (تو جس طرح کفر کے ہوتے ہوئے ان عورتوں  کوانبیاء ِکرام عَلَیْہِ مُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے رشتہ داری کام نہ آئی اسی طرح اے کفارِ مکہ!کفر کے ہوتے ہوئے تمہیں  بھی میرے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے رشتہ داری کوئی کام نہ آئے گی)۔( مدارک، التحریم، تحت الآیۃ: ۱۰، ص۱۲۵۹، خازن، التحریم، تحت الآیۃ: ۱۰، ۴/۲۸۸، ملتقطاً)