Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
132 - 881
ترجمۂکنزُالعِرفان: وہ چاہتے ہیں  کہ اللّٰہ کا نور اپنے مونہوں  سے بجھادیں  اور اللّٰہ اپنے نور کو مکمل کرنے والا ہے اگرچہ کافروں  کو ناپسند ہو۔ 
{یُرِیْدُوْنَ لِیُطْفِــٴُـوْا نُوْرَ اللّٰهِ بِاَفْوَاهِهِمْ: وہ چاہتے ہیں  کہ اللّٰہ  کا نور اپنے مونہوں  سے بجھادیں ۔}  یعنی ان کا ارادہ یہ ہے کہ قرآنِ پاک کو جادو بتا کر اسلام کو باطل کر دیں ( لیکن یہ اپنے ارادے میں  کبھی کامیاب نہ ہوں  گے کیونکہ) اللّٰہ تعالیٰ دین ِاسلام کو ہر صورت میں  غالب فرمائے گا اگرچہ کافروں  کو یہ بات ناپسند ہو۔( خازن، الصف، تحت الآیۃ: ۸، ۴/۲۶۳)
	اس سے معلوم ہوا کہ حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا دین اور آپ کا نام چمکتا رہے گا خواہ دشمن کتنی ہی دشمنی کر لیں ۔آج بھی اس کا نظارہ ہو رہا ہے۔ 
هُوَ الَّذِیْۤ اَرْسَلَ رَسُوْلَهٗ بِالْهُدٰى وَ دِیْنِ الْحَقِّ لِیُظْهِرَهٗ عَلَى الدِّیْنِ كُلِّهٖ وَ لَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُوْنَ۠(۹)
ترجمۂکنزالایمان: وہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا کہ اسے سب دینوں  پر غالب کرے پڑے بُرا مانیں  مشرک۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: وہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا تاکہ اسے سب دینوں  پر غالب کردے اگرچہ مشرکوں  کو ناپسند ہو۔ 
{هُوَ الَّذِیْۤ اَرْسَلَ رَسُوْلَهٗ بِالْهُدٰى وَ دِیْنِ الْحَقِّ: وہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا ۔} یعنی وہی اللّٰہ ہے جس نے اپنے رسول محمد مصطفی صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو صراطِ مستقیم کی طرف ہدایت کے ذرائع قرآن اور معجزات اور اس سچے دین کے ساتھ بھیجا جو اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے رسول اور ان کی امت کے لئے منتخب فرمایا ہے تاکہ اسے سب دینوں  پر غالب کردے اگرچہ مشرکوں  کو یہ غلبہ ناپسند ہو۔