Brailvi Books

صراط الجنان جلد اول
423 - 520
(3)… جس چیز کو گروی رکھا جائے وہ قرض خواہ کے قبضہ میں دینا ضروری ہے۔ بغیر قبضہ کے رہن نہیں ہوسکتا۔
(فتاوی رضویہ، ۲۵/۲۴۷)
	 رہن کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے بہار شریعت جلد 3 حصہ 17سے رہن کا بیان مطالعہ فرمائیں۔
سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 282اور 283سے متعلق اہم تنبیہ:
	 اس رکوع کی دونوں آیات پر غور کریں اور سمجھیں کہ اللہ  تعالیٰ نے ہمارے خالصتاً دنیاوی مالی معاملات میں بھی ہمیں کتنے واضح حکم ارشاد فرمائے ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ ہمارا دین کامل ہے کہ اس میں عقائد و عبادات کے ساتھ معاملات تک کا بھی بیان ہے۔ نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ حقوق ُالعباد نہایت اہم ہیں کہ اللہ  تعالیٰ نے نہایت وضاحت سے ان کا بیان فرمایا ۔نیزیہ بھی معلوم ہوا کہ شریعت کے احکام میں بے پناہ حکمتیں ہیں او ر ان میں ہماری بہت زیادہ بھلائی ہے، چنانچہ اس آیت میں جتنا غور کریں اتنا ہی واضح ہوگا کہ کہاں کہاں اورکس کس طرح ہمیں اس حکم سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ لکھنا اور حساب کتاب کا علم سیکھنا بہت مفید ہے لہٰذا اگر کوئی حسنِ نیت سے اکاؤنٹنگ کا علم سیکھتا ہے تو مستحقِ اجر ہے جبکہ سود وغیرہ کا حساب کتاب رکھنے سے احتراز کرے۔ 
{وَلَا تَکْتُمُوا الشَّہٰدَۃَ: اور گواہی نہ چھپاؤ۔} گواہی سے متعلق چند احکام اوپر بیان ہوئے۔ یہاں صراحت سے بیان فرمایا کہ گواہی نہ چھپاؤ کیونکہ گواہی کو چھپانا حرام اور دل کے گناہگار ہونے کی علامت ہے کیونکہ اس میں صاحبِ حق کے حق کو ضائع کرنا پایا جاتاہے۔ گواہی چھپانا کبیرہ گناہ ہے چنانچہ حضرت عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے ایک حدیث مروی ہے کہ کبیرہ گناہوں میں سب سے بڑا گناہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ شریک کرنا اور جھوٹی گواہی دینا اور گواہی کو چھپانا ہے۔
(شعب الایمان، الثامن من شعب الایمان، ۱/۲۷۱، الحدیث: ۲۹۱)
لِلہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الۡاَرْضِؕ وَ اِنۡ تُبْدُوۡا مَا فِیۡۤ اَنۡفُسِکُمْ اَوْ تُخْفُوۡہُ یُحَاسِبْکُمۡ بِہِ اللہُؕ فَیَغْفِرُ لِمَنۡ یَّشَآءُ وَیُعَذِّبُ مَنۡ یَّشَآءُؕ وَاللہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ﴿۲۸۴﴾