Brailvi Books

صراط الجنان جلد اول
282 - 520
کو کم تر نہ سمجھے، یونہی وعظ و نصیحت کرنے والاتحریرو تصنیف اور تدریس سے دین کی خدمت کرنے والے کو کم ترنہ سمجھے۔ یہودیوں کا رد اسی وجہ سے کیا گیا کہ ایمان صحیح اور اعمالِ صالحہ کی طرف تو آتے نہ تھے ، رشوت،حرام خوری، سود، فیصلہ کرنے میں ناانصافی، بغض و کینہ اور دیگر گناہوں میں تو دلیر تھے اور قبلہ کے مسئلہ میں حق بات معلوم ہونے کے باوجود بلاوجہ جھگڑتے تھے اور ایک خاص قبلے والا ہونے کو کافی سمجھتے تھے۔ آیت سے معلو م ہوا کہ اعمال سے ایمان مقدم ہے ، پہلے ایمان لاؤ، پھر نیک عمل کرو کیونکہ جڑ شاخوں سے پہلے ہوتی ہے۔ ایمان جڑ ہے اور اعمال شاخیں ، ایمان میں سب سے اول اللہ تعالیٰ پر ایمان ہے۔
{مَنْ اٰمَنََ: جو ایمان لائے۔} آیت کے اس حصے سے لے کر آخر تک نیکی کے چھ اہم طریقے ارشاد فرمائے گئے ہیں : (۱) ایمان لانا۔ (۲) اللہ تعالیٰ کی محبت میں مستحق افراد کو اپنا پسندیدہ مال دینا۔ (۳) نماز قائم کرنا۔ (۴) زکوٰۃ دینا۔ (۵) عہد پورا کرنا۔ (۶) مصیبت ، سختی اور جہاد میں صبر کرنا۔ان کی تفصیل درج ذیل ہے :۔
 ایمان کی تفصیل:
	 ایمان کی تفصیل یہ ہے کہ ایک تو اللہ تعالیٰ پر ایمان لائے کہ وہ حی و قیوم ، علیم وحکیم، سمیع وبصیر ، غنی وقدیر، ازلی و ابدی،واحد، لاشریک لہ ہے۔ 
	دوسرا قیامت پر ایمان لائے کہ وہ حق ہے، اس میں بندوں کا حساب ہوگا، اعمال کی جزا دی جائے گی، مقبولانِ بارگاہِ الٰہی شفاعت کریں گے، حضورسید ِدوعالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ سعادت مندوں کو حوض کوثر پر سیراب فرمائیں گے ،پل صراط پر گزر ہوگا اور اس روز کے تمام احوال جو قرآن میں آئے یا سیدالانبیاء  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے بیان فرمائے سب حق ہیں۔
	 تیسرا فرشتوں پر ایمان لائے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق اور فرمانبردار بندے ہیں ، نہ مردہیں نہ عورت ،ان کی تعداد اللہ تعالیٰ جانتا ہے ۔چار ان میں سے بہت مقرب ہیں : (1)حضرت جبرئیل۔ (2)حضرت میکائیل۔ (3)حضرت اسرافیل۔ (4) حضرت عزرائیل عَلَیْہِمُ السَّلَام ۔
	چوتھا کتب الٰہیہ پر ایمان لانا کہ جو کتاب اللہ  تعالیٰ نے نازل فرمائی حق ہے ان میں چار بڑی کتابیں ہیں : (1) توریت جو حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام پر نازل ہوئی۔ (2) انجیل جو حضرت عیسیٰعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام پر نازل ہوئی۔ (3) زبور جو حضرت داؤد عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام پر نازل ہوئی۔ (4) قرآن، جو کہ حضرت محمد مصطفی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ