اجتماعی اِعتکاف کے فوائد و بَرکات
سُوال : جو اسلامی بھائی اِعتکاف کرنے کے بعد مَدَنی ماحول سے دُور ہو جاتے ہیں انھیں دوبارہ مَدَنی ماحول میں کیسے لایا جائے ؟ ( عالمی مَدَنی مرکز میں موجود ایک اسلامی بھائی کا سُوال)
جواب : اِعتکاف کرنے کے بعد سارے معتکفین مَدَنی ماحول سے دُور ہو جاتے ہوں ایسی بات نہیں ۔ اگر ایسا ہوتا تو آج ہمیں یہ بہاریں نظر نہ آتیں ۔ دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول سے وابستہ اسلامی بھائیوں کی کثیر تعداد اِعتکاف کی وجہ سے ہی مَدَنی ماحول میں آئی ہے ۔ دَعوتِ اِسلامی کے مُفتی فضیل رضا ( دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ) کے دعوت ِاسلامی سے وابستہ ہونے کا سبب بھی اِعتکاف ہی بنا ، انہوں نے مَدَنی ماحول سے وابستہ ہونے کا واقعہ خود بتایا تھا کہ یہ پہلے مدرسۃُ المدینہ برائے بالغان میں پڑھنے آتے تھے پھر انہوں نے دعوتِ اسلامی کے عالَمی مَدَنی مَرکز فیضانِ مدینہ بابُ المدینہ ( کراچی) میں ہونے والے اِجتماعی اِعتکاف میں شِرکت کی ۔ اِس اِعتکاف کی بَرکت سے ان پر ایسا رنگ چڑھا کہ انہوں نے دَرسِ نظامی( یعنی عالِم کورس) شروع کر دیا اور آج اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ دعوتِ اسلامی کے قابل ِ فخر مفتی ہیں بلکہ مفتیِ اسلام بن چکے ہیں ۔ اِسی طرح دعوتِ اسلامی کے کئی مبلغین اور ذِمَّہ داران ہوں گے جنھوں نے اِعتکاف کی وجہ سے مَدَنی ماحول کو اپنایا ہوگا ، ممکن ہے کہ کئی اَراکینِ شُوریٰ بھی ایسے ہوں جو اِعتکاف کی بَرکت سے دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول سے وابستہ ہوئے ہوں ۔