ترمذی کی روایت میں ہے :’’ جہنَّم میں ’’صَعُود‘‘نامی آ گ کا ایک پہاڑ ہے جس پر کافرجہنمی کو 70 سال تک چڑھا یاجائے گاپھر اوپر سے اسے گرایا جائے گا تو 70 سال میں وہ نیچے پہنچے گا،اِسی طرح ہمیشہ عذاب دیاجاتا رہے گا۔‘‘( تِرمذی ج۴ص۲۶۰حدیث ۲۵۸۵ )
جہنَّم کے ایسے ایسے خوفناک عذاب کا تذکرہ سننے کے باوجود بھی جو گناہوں سے باز نہ آ ئے اُس پر واقعی تعجُّب ہے ۔آخر انسان کو اس دنیا نے کیا دے دینا ہے جو اس کی رنگینیوں میں گم اور اس کی لوٹ مار میں مصروف ہے ۔
جہنَّم کی خطرناک غذائیں
لذیذ غذائیں مز ے لے لے کر کھانے والوں کوجہنَّم کی بھیانک غذاؤں کونہیں بھولنا چاہئے!’’ ترمذی ‘‘کی روایت میں ہے : ’’دوزخیوں پر بھوک مسلط کی جا ئے گی تو یہ بھوک ان سارے عذابوں کے برابر ہوجا ئے گی جن میں وہ مبتلا ہیں ، وہ فریاد کریں گے تو انہیں آگ کے کانٹے والا کھانادیا جائے گا، جو نہ موٹا کرے نہ بھوک سے نجات دے، پھر وہ کھانا مانگیں گے تو انہیں گلے میں اٹکنے والا کھانا دیا جائے گاتو انہیں یاد آئے گا کہ( دنیا میں )ایسے کھانے کے وقت وہ پانی پیا کرتے تھے چنانچہ وہ پانی مانگیں گے توان کو لوہے کی بالٹیوں سے کھولتا ہوا پانی دیا جائے گاجب وہ اُن کے منہ کے قریب ہوگا تواُن کے منہ بھون د ے گا پھر جب اُن کے پیٹ میں داخل ہوگا تو ان کے پیٹوں کی ہر چیز کا ٹ ڈالے گا۔‘‘
( تِرمذی ج۴ص۲۶۳حدیث ۲۵۹۵ )