Brailvi Books

نورانی چہرے والے بزرگ
7 - 32
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط  بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
دُرُود پاک کی فضیلت 
	شیخِ طریقت، امیرِاہلسنّت، بانیٔ دعوت ِاسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمدالیاس عطّار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنے رسالے ’’خوفناک جادوگر‘‘ میں حدیثِ پاک نقل فرماتے ہیں کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے محبوب، دانائے غُیُوب، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیُوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسَلَّم کا فرمانِ حقیقت نشان ہے: تمہارے دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ ہے۔ اسی دن حضرت سیِّدُناآدم صَفِیُّ اللہ عَلٰی نَبِیِّناوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام پیدا ہوئے، اسی میں ان کی روح قبض کی گئی، اسی دن صور پھونکا جائے گا، اوراسی دن ہلاکت طاری ہوگی لہٰذا اس دن مجھ پردرودِپاک کی کثرت کیا کرو کیونکہ تمہارا درود مجھ تک پہنچایا جاتا ہے۔ صحابۂ کرام عَلَیْہمُ الرِّضْوَان نے عرض کی: ’’یارسول اللہ صَلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! آپ کے وصال کے بعد آپ تک درودِ پاک کس طرح پہنچایا جائے گا؟‘‘ ارشاد فرمایا کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ نے انبیاءے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے اجسام کو زمین پر حرام فرمایا ہے۔ (سنن ابی داؤدج۱،ص۳۹۱الحدیث۱۰۴۷داراحیاء التراث بیروت)
تو زندہ ہے واللہ تو زندہ ہے واللہ		مری چشمِ عالَم سے چھُپ جانے والے