Brailvi Books

مُکاشَفَۃُ الْقُلُوب
81 - 676
	آدم عَلَیْہِ السَّلَام نے عرض کی: اے اللہ! تو نے میری اولاد پر ابلیس کو مسلط کردیا، اب اس سے رہائی تیری رحمت کے بغیر کیسے ہوگی! ربّ نے فرمایا: تیرے ہر ایک فرزند کے ساتھ میں محافظ فرشتے بناؤں گا۔ عرض کی: ابھی کچھ اور! فرمانِ الٰہی ہوا: ایک نیکی کا ثواب انہیں دس گنا ملے گا۔ عرض کی: ابھی کچھ اور! فرمانِ الٰہی ہوا: ان کے آخری سانس تک ان کی توبہ قبول کرونگا۔ عرض کی کہ کچھ اور عطا فرما! فرمان الٰہی ہوا: ان کے لئے بخشش عام کردوں گا، میں بے نیاز ہوں ، آدم عَلَیْہِ السَّلَام بولے: اے میرے رب! یہ کافی ہے۔
	شیطان نے کہا: اے اللہ! تو نے آدم کی اولاد میں نبی بنائے، ان پر کتابیں نازل کیں ، میرے رسول اور کتابیں کیا ہیں ؟ جواب آیا: کاہن تیرے رسول اور گدی ہوئی کھالیں تیری کتابیں ، تیری حدیثیں جھوٹ، تیرا قرآن شعر(1) تیرے مؤذن باجے، تیری مسجد بازار، تیرا گھر حمام خانے، تیرا کھانا وہ جس پر میرا(2)نام نہ لیا گیا ہو، تیرا پینا شراب اور عورتیں تیرا جال ہیں ۔ 
اچھا گمان عبادت ہے
       فرمانِ مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّم :حُسْنُ الظَّنِّ مِنْ حُسْنِ الْعِبَادَۃِ یعنی حسن ظن عمدہ عبادت سے ہے ۔  ( ابوداود ، ۴/ ۳۸۸ ، الحدیث ۴۹۹۳) 
       مفسرشہیر حکیم الامت حضر تِ مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان اس حدیث پاک کے مختلف مَطالب بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:یعنی مسلمانوں سے اچھا گُمان کرنا ، ان پر بدگمانی نہ کرنا یہ بھی اچھی عبادات میں سے ایک عبادت ہے ۔(مراٰۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح ، ۶/ ۶۲۱)
       میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آج کل بدگمانی کا مرض عام ہے اس سے بچنا چاہیے اور مسلمان کے بارے میں اچھا گمان کر کے ثواب کمانا چاہئے۔ اللہ  عَزَّوَجَلَّ ہمیں بدگمانی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…گندے، واہیات اور اسلام کی مخالفت میں اشعار۔
2…جس جانور پر ذبح کے وقت اللہ کا نام نہ لیا جائے۔