۱؎ آپ کا نام عامر ابن واثلہ ہے،لیثی ہیں،کنانی ہیں،کنیت ابو طفیل اسی کنیت میں مشہور ہیں،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات شریف کے آٹھ سال پائے،رؤے زمین میں سب سے آخری صحابی آپ ہیں جن کی وفات سب صحابہ سے آخر میں ہوئی،آپ کی وفات کے بعد کوئی صحابی دنیا میں نہ رہے دور صحابہ آپ کی وفات پر ختم ہوا، ۱۰۲ھ ایک سو دو میں وفات پائی،مکہ معظمہ میں وفات ہوئی وہاں ہی دفن ہوئے۔(مرقات،اکمال وغیرہ)
۲؎ حسن دو قسم کا ہوتا ہے: ملیح اور صبیح۔ملیح جس کا ترجمہ ہے نمکین حسن اگرچہ صباحت بھی حسن ہے مگر ملاحت حسن کا اعلٰی درجہ ہے۔اس میں فرق بیان سے معلوم نہیں ہوسکتا بلکہ اس کی چھانٹ عاشق کی نگاہ کرتی ہے اس کے بیان سے زبان قاصر ہے۔(اشعۃ)اعلی حضرت قدس سرہ نے فرمایا۔شعر
ذکرسب پھیکےجب تک نہ مذکورہو نمکین حسن والا ہمارا نبی
یوں سمجھو کہ سفید رنگ صبیح ہے اور سفیدی میں سرخی کی جھلک ہو اور اس میں کشش ہو کہ دل ادھر کچھ اور دیدہ اس کے دیدار سے سیر نہ ہو وہ ملیح ہے یعنی نمکین حسن حضور ایسے ہی حسین تھے۔